مسافر طیارے کی لینڈنگ سے چند لمحے قبل ہوا میں اچانک ایسی چیز نمودار ہوگئی کہ پائلٹ کے واقعی ہوش اُڑگئے، ایسا خطرناک واقعہ جس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک)ہوائی جہازوں سے پرندوں کے ٹکرانے کے واقعات توہوتے رہتے ہیں لیکن گزشتہ روز لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر ایک ایسی چیز مسافر طیارے کے خوفناک حد تک قریب آ گئی کہ پائلٹ کے ہوش اڑ گئے۔ ماضی میں ایسے کسی واقعے کی مثال نہیں ملتی۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق ایئربس اے 320شمالی لندن کے اوپر ساڑھے 5ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کرتے ہوئے ہیتھروایئرپورٹ کی طرف بڑھ رہی تھی کہ اچانک پائلٹ کو جہاز کے انتہائی قریب دو ڈرون طیارے نظر آ گئے۔ یہ ڈرون مسافر طیارے سے ساڑھے 400میٹر سے بھی کم فاصلے پر تھے اور اس کی طرف پرواز کرتے آ رہے تھے۔
”طیارہ ہائی جیک ہو گیا ،مودی صاحب پلیز ہیلپ“جیٹ ایئر ویز کے مسافر کے دھمکی آمیز پیغام نے سیکیورٹی حکام کی دوڑیں لگوا دیں
رپورٹ کے مطابق ہوائی جہاز کی رفتار اس وقت 150میل فی گھنٹہ تھی۔ اگر پائلٹ کو ڈرون بروقت نظر نہ آتے تو محض 7سیکنڈ میں طیارہ ان سے ٹکرا جاتا اور ایک انتہائی خوفناک حادثہ رونما ہو جاتا تاہم پائلٹ نے حواس بحال رکھتے ہوئے طیارے کا راستہ تبدیل کیا اور طیارے میں موجود 150سے زائد مسافروں کو موت کے منہ سے بال بال بچا کر لے گیا۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ ”ماضی میں کسی مسافر طیارے کے سامنے اتنی بلندی پر ڈرون طیارے کے آنے کی مثال نہیں ملتی۔“واضح رہے کہ ایئرپورٹس اور ایئرفیلڈز کی حدود میں ڈرون طیاروں کو 400فٹ سے زیادہ بلندی پر اڑانا غیرقانونی ہے لیکن ہیتھروایئرپورٹ کی حدود میں یہ ڈرون ساڑھے پانچ ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کر رہے تھے۔