چینی باشندے نے ناراض ہوکر معروف ترین امریکی جریدے کی ویب سائٹ ہیک کرلی، لیکن ناراضگی کی وجہ کیا بنی؟ جان کر آپ بھی ہنس پڑیں گے
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) لوگ اکثر سیاحت کے لیے دوسرے ممالک میں جاتے ہیں اور ضروری نہیں کہ ہر ایک کا دوسرے ملک میں تجربہ خوشگوار رہے، کسی کے ساتھ کچھ حادثہ رونما ہو سکتا ہے یا کوئی واردات ہو سکتی ہے۔ اگر ایسا کچھ ہو جائے تو سیاح چپ چاپ اپنے ملک واپس جاتا ہے اور روزمرہ کی زندگی میں لگ جاتا ہے لیکن سیاحت کے لیے نیویارک جانے والا یہ سیاح اپنے ساتھ وہاں پیش آنے والے واقعے پر خاموش نہیں بیٹھابلکہ اس نے ایک انوکھی انتقامی کارروائی کر ڈالی۔
مزید پڑھیں:دنیا کے محفوظ ترین کمپیوٹروں کو ہیک کرنے کا انوکھا ترین طریقہ دریافت،بینک اور دفاعی اداروں کا جینا دو بھر ہو گیا
سیاح نے ’’نیویارک میگزین‘‘ کی ویب سائٹ ہیک کر لی اور اس سائبر حملے کے بعد سب نے یہی سمجھا کہ میگزین کے صفحہ اول پر معروف امریکی کامیڈین بل کوزبے کی متاثرین 35خواتین کی تصاویر کی اشاعت ہیکنگ کی وجہ بنی۔ویب سائٹ پر ہیکر نے اپنا نام ’’تھریٹ کنگ‘‘ بتایا۔ برطانوی جریدے ’’دی ڈیلی ڈاٹ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے ہیکر نے بتایا کہ اس کے حملے کا میگزین کے سرورق پر متاثرہ خواتین کی تصاویر کی اشاعت سے کوئی تعلق نہیں، بلکہ وہ تو ان تصاویر کی اشاعت سے آگاہ بھی نہیں تھا۔ اس کا کہنا تھا، ’’ میں نے نیویارک کے عوام سے بدلہ لیا ہے کیونکہ جب میں بگ ایپل (نیویارک کا دوسرا نام) کی سیر کر رہا تھا تو وہاں بہت سے لوگوں نے میرا مذاق اڑایا تھا۔ وہاں ایک سیاہ فام شخص نے ایک نقلی بندوق کے ذریعے مجھ پر حملے کی اداکاری کی جس سے میں ڈر گیا اور دوڑ لگا دی جس پر موجود وہاں تمام لوگ قہقہے لگانے لگے اور میراخوب مذاق اڑایا۔‘‘ دی ڈیلی ڈاٹ کا کہنا ہے کہ تھریٹ کنگ نامی یہ ہیکر اس سے قبل بھی کئی ویب سائٹس ہیک کر چکا ہے جن میں کچھ حکومتی اداروں کی ویب سائٹس بھی شامل ہیں۔