قطر:صحرا میں نئی دنیا آباد کرنے کی تیاری
دوحہ (مانیٹرنگ ڈیسک) کھیل کے عالمی مقابلوں کی میزبانی کرنے والے ممالک میں نئے سٹیڈیم اور ہوٹل بننا تو معمول کی بات ہے لیکن 2022ءکے عالمی فٹ بال کی میزبانی کیلئے قطر نے صحرا میں ایک نئے شہر کی تعمیر شروع کردی ہے جہاں اس ورلڈ کپ کا افتتاحی اور فائنل میچ کھیلا جائے گا۔ لسیل نامی شہر کو قطر کے ساحی صحرا میں تعمیر کیا جارہا ہے جو کہ 28 مربع میل پر پھیلا ہوگا اور اس میں 86 ہزار سیٹوں پر مشتمل عالیشان سٹیڈیم بھی تعمیر کیا جاے گا۔ اس نئے شہر کا دارالحکومت دوحہ سے فاصلہ نو میل ہے اور اس کی تعمیر پر 25 ارب پاﺅنڈ کی خطیر رقم خرچ ہوگی۔ یہ شہر چار جزیروں پر مشتمل ہوگا اور اس میں 56 ہزار مربع میٹر کا شاپنگ مال اور 21 ایکڑ پر مبنی تفریحی پارک بھی ہوگا۔ اگرچہ یہ شہر صحرا میں بسایا جارہا ہے لیکن اس میں ٹھنڈی رہنے والی عمارتوں، جھیلوں اور آبشاروں کا بندوبست بھی ہوگا۔ اس شہر کی تعمیر مکمل ہونے پر اس میں اڑھائی لاکھ لوگ رہائش اختیار کرسکیں گے۔