2017ءمیں گھر سے بھی نکلے بغیر یہ 5کام کرکے آپ بے تحاشہ رقم کماسکتے ہیں

ڈیلی بائیٹس

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) پیسے کمانا ہر ایک کی خواہش ہوتی ہے اور اگر کسی کو یہ موقع گھر بیٹھے بٹھائے مل جائے تو اس سے بڑا خوش قسمت کون ہو گا۔ اب ماہرین نے رقم کمانے کے ایسے ہی پانچ طریقے بتا دیئے ہیں جن کے ذریعے آپ گھر سے باہر قدم رکھے بغیر آمدن حاصل کر سکتے ہیں۔برطانوی اخبار ڈیلی سٹار کی رپورٹ کے مطابق ماہرین نے بتایا ہے کہ اگر آپ گھر کے مالک ہیں تو سیاحوں کو اپنے گھر کا کمرہ کرائے پر دینا شروع کر دیں۔ اس کے لیے آپ سیاحوں کی تلاش انٹرنیٹ پرAirbnb جیسی ویب سائٹس پرکر سکتے ہیں۔ اس سے آپ خاطرخواہ اضافی آمدن حاصل کر سکیں گے۔ماہرین نے دوسرا طریقہ یہ بتایا ہے کہ آپ ایک بلاگ لکھنا شروع کر دیں۔ان کے نزدیک بلاگ رقم کمانے کا ایک آسان طریقہ ہے۔ ایک حالیہ سروے میں بتایا گیا ہے کہ بلاگر ماہانہ 820پاﺅنڈ(تقریباً 1لاکھ 5ہزار روپے) سے 8200پاﺅنڈ (تقریباً ساڑھے 10لاکھ روپے)تک کما لیتے ہیں۔


گھر بیٹھے پیسے کمانے کا تیسرا طریقہ ویڈیو بلاگنگ ہے۔ اس کے ذریعے بھی لوگ ماہانہ ہزاروں پاﺅنڈز کما رہے ہیں۔لہٰذا آپ میک اپ ، کھانا پکانایا کوئی بھی کام جانتے ہیں تو اس کی ویڈیو بنا کر یوٹیوب پر پوسٹ کرنا شروع کر دیں۔کچھ ہی عرصے میں آپ کی آمدنی شروع ہو جائے گی۔چوتھا طریقہ یہ ہے کہ slicethepie.com اور دیگر کئی ایسی ویب سائٹس ہیں جو مختلف مصنوعات پر لوگوں سے فیڈ بیک مانگتی ہیں۔ جو لوگ اس پر فیڈ بیک دیتے ہیں انہیں ادائیگی کی جاتی ہے۔ لہٰذا آپ یہ کام کرکے گھر بیٹھے رقم کما سکتے ہیں۔پانچواں طریقہ ماہرین نے یہ بتایا ہے کہ اگر آپ ویڈیو گیمز کھیلنا پسند کرتے ہیں تو اس سے بھی کچھ رقم کمائی جا سکتی ہے۔ کئی ویڈیو گیم کمپنیاں ان گیمز کو ٹیسٹ کرنے کے لیے لوگوں کی خدمات حاصل کرتی ہیں جنہوں نے وہ گیم کھیل کر اس میں موجود نقائص کی نشاندہی کرنی ہوتی ہے۔ چنانچہ آپ یہ کام بھی کر سکتے ہیں۔آپ گیمز کھیلتے ہوئے اپنی ویڈیوز بنا کر بھی یوٹیوب پر ڈال کر پیسے کما سکتے ہیں۔