کل کی سپر ماڈل آج سٹرکوں پر بھیک مانگنے پر مجبور
لاس اینجلس (نیوز ڈیسک) جسم کی نمائش کا کاروبار کرنے والے اکثر یہ بھول جاتے ہیں کہ قدرت کا اپنا نظام ہے جو بالآخر دلکش سے دلکش جسموں کو مرجھائے پتوں میں بدل دیتا ہے۔ امریکہ کی مشہور ماڈل کرسٹا میکنا بھی کبھی شہرت کی بلندیوں پر تھی اور فحش میگزین پلے بوائے میں چھپنے والی اس کی تصاویر کے لاکھوں مداح ہوا کرتے تھے لیکن آج وہ ریاست مشی گن کی سڑکوں پر بھیک مانگتی ہے ستر کی دہائی میں کرسٹا ٹی وی کی مشہور ترین حسیناؤں میں شمار ہوتی تھی اور جسم کی حیرت انگیز لچک اس کی خصوصی شہرت تھی۔ جوانی میں اس نے بے پناہ شہرت اور دولت کمائی لیکن زندگی سے لطف اندوز ہوتے ہوئے اس نے یہ سوچا بھی نا تھا کہ ایک دن یہ دولت اور چمک دمک اس کا ساتھ چھوڑ جائے گی۔ جب وہ اپنا مال و دولت دونوں ہاتھوں سے نشے اور عیش و عشرت پر لٹارہی تھی تو اسے کمر میں خم کی بیماری سکولیوسس اور خون کی شریانوں کی تنگی کی بیماری سٹینوسس ہوگئی جس کے باعث اسے شوبز کی زندگی سے علیحدگی اختیار کرنا پڑی۔ اس کے بعد اسے ہر وقت سراہنے والے کہیں نظر نہ آئے اور وہ کوڑی کوڑی کی محتاج ہوگئی اور بالآخر بھیک مانگنے کے سوا کوئی چارہ نہ رہا۔ اب اس کی عمر 60 سال ہے اور وہ سڑک کنارے ایک تختی لے کربیٹھتی ہے جس پر لکھا ہے ’’میں 60 سال کی ہوں اور آپ سے اور خدا سے مدد کی اپیل کرتی ہوں‘‘ اسے روزانہ چند سکے بھی مل جائیں تو وہ اسے خوش قسمتی سمجھتی ہے۔