شیرنی کے حملے پر ہرن برہم،ایسے وار کئے کہ شیرنی منہ دیکھتی رہی اوروہ چلتا بنا
نئی دہلی(نیوزڈیسک)کہتے ہیں کہ بلی بے بس ہو نے لگے تو وہ حملہ کرنے والے کتے کا منہ نوچ لیتی ہے۔ایسا ہی ایک واقعہ بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ایک جنگل میں پیش آیا جسے ایک فوٹوگرافر نے اپنے کیمرہ میں محفوظ کیا ہے۔
واقعہ میں ایک شیر نی کے حملے کا شکار بننے والے ہرن نے بے بسی سے شیرنی کے منہ کا نوالہ بننے کے بجائے اسے مزا چکھانے کی ٹھان لی او راسے چاروں شانے چت کردیا۔
ڈیلی میل پر شائع اس دلچسپ تصویری کہا نی میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شیرنی نے اپنا اور اپنے چار بچوں کا پیٹ بھرنے کیلئے ایک ہرن کو دبوچاتو حملے کا نشانہ بننے والے برہم ہرن نے بھر پور جوابی وار کر کے شیرنی کو ناکوں چنے چبوا دیئے اور محفوظ طریقے سے راہ فرار اختیار کرلی۔
20منٹ تک جاری رہنے والی اس لڑائی میں کئی بار ایسا محسوس ہوا کہ ہرن ہار مان جائے گا،حتیٰ کہ شیرنی نے ہرن کی گردن کو اپنے طاقتور جبڑے میں دبوچ بھی لیا۔
ہرن اس جبڑے کی اذیت سہہ نہ پایا اور اس نے پوری قوت لگا کر شیرنی سے اپنی گردن چھڑائی۔
گردن چھڑانے کے بعد ہرن نے بھاگنے کے بجائے شیرنی کو مزا چکھانے کا فیصلہ کیا اور اسے اپنے سینگوں سے رگیدنے لگا۔
ہرن اور شیرنی کی یہ جنگ وائلڈ لائف فوٹو گرافر سدھیر شیوارام نے دیکھی تو ان نایاب لمحوں کو کیمرے میں محفوظ کرلیا۔
بنگلور سے تعلق رکھنے والے 43سالہ سدھیر کا کہنا ہے کہ شیرنی کے چار بچے تھے اور وہ اکثر شکار کرتی رہتی تھی لیکن اس بار ایک ہرن اس پر بھاری پڑ گیا۔اور شیرنی کو پچھاڑ کر چلتا بنا۔