یہ گھر آپ صرف 135 روپے میں خرید سکتے ہیں، صرف ایک شرط ہے کہ۔۔۔
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) آج اپنا گھر بنانے کے لیے لوگ تمام عمر جتن کرتے ہیں، پھر بھی بہت سے ناکام رہتے ہیں لیکن برطانیہ میں ایک گھر محض 1پاﺅنڈ کے عوض برائے فروخت ہے لیکن پھر بھی کوئی خریدار نہیں مل رہا اور اس کی وجہ ایسی حیران کن ہے کہ جان کر آپ بھی ششدر رہ جائیں گے۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق یہ گھر برطانوی شہر سنڈرلینڈ کے علاقے ایش بروک میں واقع ہے۔ مالکان نے یہ گھر 1پاﺅنڈ (تقریباً 138روپے) کے عوض فروخت کے لیے پیش کیا ہے لیکن کوئی اسے خریدنے کو تیار نہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ گھر اس قدر خستہ حال ہے کہ کسی بھی وقت زمیں بوس ہو سکتا ہے۔
فروخت کنندگان نے خریداروں کے لیے 1پاﺅنڈ قیمت کے ساتھ ایک شرط بھی عائد کر رکھی ہے کہ انہیں یہ لکھ کر دینا ہو گا کہ وہ اپنی ذمہ داری پر گھر میں داخل ہو رہے ہیں۔ کیونکہ مالکان کے مطابق گھر کی حالت اس قدر ناگفتہ بہ ہے کہ شاید دروازہ کھولتے ہی عمارت نیچے آ رہے۔اس گھر کی فروخت کا ذمہ سٹیٹ ایجنٹس اینڈریو کریگ نے لیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ وہ گھر بولی پر فروخت کریں گے جس کی بنیادی قیمت 1پاﺅنڈ ہو گی لیکن خریدار کو گھر میں داخل ہونے سے پہنچنے والے نقصان کی ذمہ داری خود پر لینی ہو گی۔حتیٰ کہ اگر کوئی خریدنے سے قبل بھی اس گھر کو ایک نظر دیکھنے کا خواہش مند ہو گا تو اسے اپنی ذمہ داری پر ہی گھر میں داخل ہونا ہو گا۔