ایس ایچ او کے گھر فائرنگ ،دو بھائی جاں بحق
ڈیرہ اسماعیل خان(مانیٹرنگ ڈیسک ) ڈیرہ اسماعیل خان میں نامعلوم افراد نے ایس ایچ او کے گھر میں گھس کر فائرنگ کر دی جس سے دو بھائی جاں بحق اورتیسرا زخمی ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق گاﺅں روڑہ میں ایس ایچ او کلاچی سیف الرحمان کے گھر میں نامعلوم افراد دیواریں پھلانگ کر داخل ہوئے اورفائرنگ کر دی ، فائرنگ سے سیف الرحمان کے دو بھائی فخر زمان اور محمد اسماعیل جاں بحق جبکہ ایک بھائی زخمی ہوگیا جس کی حالت ہسپتال میں تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہ آئی۔ یاد رہے کہ ایس ایچ او سیف الرحمان نے گزشتہ روز گاﺅں لونی میں سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے کمانڈر سلیم شاہ کو فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک کر دیا تھا۔