اسلام آباد میں پہلے بلدیاتی انتخابات، مسلم لیگ (ن) پہلے تحریک انصاف دوسرے نمبر پر

اسلام آباد میں پہلے بلدیاتی انتخابات، مسلم لیگ (ن) پہلے تحریک انصاف دوسرے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد سے ملک الیاس
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی تاریخ میں پہلی باربلدیاتی الیکشن کانعقاد ہوا ،اسلام آباد کا بلدیاتی معرکہ بھی مسلم لیگ ن نے مار لیا،تحریک انصاف بھرپورمقابلے کے باوجود دوسرے نمبر پر رہی، 50یونین کونسلوں میں 6 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، پولنگ کا عمل صبح ساڑھے 7 بجے شروع ہوا جو بلا تعطل شام ساڑھے 5 بجے تک جاری رہا،حلقے میں پولنگ شروع ہوتے ہی انتہائی جوش و خروش دیکھا گیا اور لوگوں کی بڑی تعداد نے پولنگ اسٹیشن کی جانب رخ کیا۔اسلام آباد کی 650 نشستوں پر 2 ہزار396 امیدواروں میں مقابلہ ہوا۔اسلام آبادمیں بلدیاتی انتخابات میں چیئرمین کیلئے 255 ، جنرل نشستوں پرایک ہزار210 ، خواتین کی نشستوں پر351، کسان اور مزدوروں کی نشستوں پر 248، نوجوانوں کی نشستوں پر230 جب کہ اقلیتی نشستوں پر102 امید وارمدمقابل تھے۔، وفاقی دارالحکومت کی 650 نشستوں پر 972 آزاد امیدواروں سمیت میدان سیاست کے 2400 شہ زوروں نے انتخابی دنگل میں حصہ لیا، مسلم لیگ ن نے 506، تحریک انصاف نے 479 اور جماعت اسلامی نے 164 امیدوار میدان میں اتارے، جب کہ پیپلز پارٹی کو صرف 81 امیدوار میسر آسکے۔پولنگ کے روز وزارت داخلہ نے عام تعطیل کا تو اعلان نہیں کیا تاہم تعلیمی اداروں میں مکمل جب کہ سرکاری دفاتر میں آدھے دن کی چھٹی دی اور سرکاری ملازمین نے دوپہر 2 بجے کے بعد اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔
اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے دوران پرامن اندازمیں انتخابات کے انعقاد کیلئے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے اور8 ہزارسے زائد پولیس اور ایف سی اہلکاروں نے سیکیورٹی کے فرائض انجام دیئے اس کے علاوہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے 625 فوجی جوان اور رینجرزکے 700 اہلکار بھی کوئیک رسپانس فورس کے طورپرالرٹ رہے۔ پولیس، ایف سی، اسپیشل برانچ اور پاک فوج کے جوانوں کو خصوصی موبائل سمیں فراہم کی گئیں جن کی مانیٹرنگ جی پی آر ایس کے ذریعے کی گئی،سرکاری چھٹی نہ ہونیکی وجہ سے ٹرن آؤٹ کم رہا،اسلام آباد کے 50حلقوں کے مکمل غیرسرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن 21نشستیں جیت کر پہلے نمبر پر رہی جبکہ اس کے مقابلے میں تحریک انصاف نے چیئرمین کی 15نشستیں حاصل کیں 14آزادامیدواربھی کامیاب ہوئے،یو سی25سے وزیراعلی خیبرپختونخواہ پرویز خٹک کے بھتیجے عتیق خٹک پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر کامیاب ہوگئے ،یو سی 22سے مسلم لیگ ن کے وزیرمملکت ڈاکٹرطارق فضل چوہدری کے ماموں مطلوب حسین جیت گئے،تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین کی ہمشیرہ سیمی ایزدی بھی وائس چیئرمین منتخب ہوگئیں،مسلم لیگ ن کے ایم این اے ملک ابرار کے برادرنسبتی واجدایوب یوسی47ترنول سے ن لیگ ٹکٹ پرکامیاب ہوگئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ کے حلقے سے تحریک انصاف کاامیدوارہارگیا،سابق ڈپٹی سپیکر نوازکھوکھر کے قریبی عزیز جمیل کھوکھر نے نبی گالہ اورکری کی یونین کونسل 23سے تحریک انصاف کے امیدوار کو شکست دی، اسی طرح مسلم لیگ ن کے اہم رہنما اور میئر کے متوقع امیدوار سید ظفرعلی شاہ بھی ہار گئے۔
اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ نون کا پہلا نمبر رہا۔یو سی 3 مل پورسے ن لیگ کے چودھری مشتاق احمد کامیاب ہوئے،یو سی 4 کوٹ ہتھیال شمالی سے ملک اشتیاق کامیاب،یو سی 5 کوٹ ہتھیال جنوبی سے محمد واحد چیرمین منتخب، یو سی 6 پھلگراں سے وقار احمد کامیاب،یو سی 13 ہمک سے قاضی فیصل نعیم چیئرمین منتخب،یو سی 18 کھنہ ڈاک سے وسیم ثنا ملک کامیاب ،یو سی 19 ترلائی کلاں سے چودھری منظور حسین کامیاب،یو سی 22 چک شہزاد سے چودھری مطلوب حسین چیئرمین منتخب،یو سی 24 راول ٹاون سید ظہیر احمد شاہ کامیاب ،یو سی 26 سے چودھری اللہ دتہ کامیاب ،یو سی 32 سے محمد منیر اشرف چیئرمین منتخب،یو سی 33 سے راجہ وحید اللہ حسن منتخب،یو سی 34 سے ملک سجاد کامیاب ،یو سی 39 مائرہ سنبل جعفر سے ساجد محمود کامیاب،یو سی 41 سے سردار مہتاب احمد خان کامیاب،یو سی 42 سے فرمان علی مغل کامیاب ،یو سی 43 سے رانا محمد اشفاق کامیاب ،یو سی 44 بوکرا سے محمد آفتاب چیرمین منتخب،یو سی 45 جھنگی سیداں سے سید سبط حسین کامیاب،یو سی 46 بڈھانہ کھنہ سے حفیظ الرحمن ٹیپو کامیاب،یو سی 49 شاہ اللہ دتہ سے مسلم لیگ ن کے سید ذیشان علی نقوی کامیاب ہوئے،وفاقی دارالحکومت کے پہلے بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کا دوسرا نمبر رہا۔یوسی ون ، سید پور سے پی ٹی آئی کے راجہ شیراز کیانی کامیاب رہے،یو سی 7 پنڈ بیگووال سے راجہ قیصر غفار کامیاب،یو سی 8 تمر سے راجہ خرم چیرمین منتخب ،یو سی 15 لوئی بھیر سے ملک اخلاق احمد کامیاب،یو سی 21 سوہاں دیہاتی سے ملک عامر علی کامیاب،یو سی 25 سے عتیق اللہ خٹک کامیاب،یو سی 27 سے انجم شہزاد تنولی کامیاب،یو سی 28 سے فوزیہ ارشد کامیاب،یو سی 29 سے خرم بختیار منتخب ،یو سی 35 سے محمد رفیق کامیاب قرار،یو سی 36 سے فیصل ندیم کامیاب ،یو سی 37 سے ملک ساجد محمود کامیاب،یو سی 38 سے تنویر حسین کامیاب،یو سی 40 سے علی اعوان چیرمین منتخب،یو سی 50 گولڑہ شریف سے شعیب خان کامیاب رہے۔آزاد امیدواروں میں پیر عادل گیلانی یو سی 2 نورپورشاہاں سے کامیاب رہے،یو سی 9 چراہ سے ناصر محمود کامیاب،یو سی 10 کرپا سے راجا منظور کامیاب،یو سی 11 مغل سے عادل عزیز قاضی کامیاب ،یو سی 12 روات سے اظہر محمود کامیاب ،یو سی 14 سہالہ سے راجا آفتاب علی کامیاب،یو سی 16 پگ پنوال سے شہزاد محمود کامیاب،یو سی 17 کورال سے قیصر جاوید بھٹی کامیاب ،یو سی 20 علی پور سے سید ابرار حسین شاہ کامیاب،یو سی 23 کری سے محمد جمیل چیرمین منتخب،یو سی 30 سے چودھری محمد نعیم کامیاب،یو سی 31 سے چودھری کامران کامیاب،یو سی 47 ترنول سے ملک رضوان احمد کامیاب ،یو سی 48 سرائے خربوزہ سے آزاد امیدوار ملک محمد اعظم خان کامیاب رہے۔
آزادامیدواروں کوساتھ ملاکر مسلم لیگ ن میئر بنانے کی پوزیشن میں تو آگئی ہے مگر اسلام آباد کے بلدیاتی الیکشن کے نتائج قومی الیکشن 2013ء کا ہی تسلسل ہیں جس میں اسلام آباد کے شہری حلقے سے تحریک انصاف کا ایم این اے کامیاب ہوا تھا اور دیہی حلقے سے مسلم لیگ ن کے ایم این اے نے کامیابی حاصل کی تھی ،اب بلدیاتی الیکشن میں بھی یہی صورتحال رہی ہے اسلام آباد شہر کی یونین کونسلوں سے تحریک انصاف زیادہ جیتی جبکہ دیہی علاقوں کی یونین کونسلوں میں مسلم لیگ ن کا پلڑا بھاری رہا اس ساری صورتحال کے باوجود آزادحیثیت سے جیتنے والے امیدوار اہمیت اختیارکرگئے ہیں اور اسلام آباد کیلئے پہلے میئر کے انتخاب میں آزادحیثیت سے جیتنے والوں کا کردارنہایت اہم ہوگا،اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کااثر5دسمبر کوجڑواں شہر راولپنڈی میں ہونیوالے بلدیاتی انتخابات پر بھی پڑے گا۔

مزید :

ایڈیشن 1 -