شوبز رائونڈ اپ
’’مکس بریانی‘‘ سدرہ نور نے شاندار پرفارمنس سے سب کو مات دے دی
شالیمار تھیٹر میں پیش کیا جانے والا نیا ڈرامہ ’’مکس بریانی‘‘ کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ ’’مکس بریانی‘‘میں سدرہ نور نے اپنی شاندار پرفارمنس سے سب کو مات دے دی ہے۔ ڈرامے کی دیگر کاسٹ میں عالیہ ، شمع رانا، نگار چودھری، صومیہ شہزادی، سرفراز وکی، وسیم پنوں، گڈو کمال، ندیم برال، ساقی خاں، مٹھو جی، بلال راجہ، خالد کٹورا شامل ہیں ڈرامے کے ڈائریکٹر و مصنف اجمل ملک جبکہ پروڈیوسر ملک طارق ہیں۔ اداکارہ شمع رانااور عالیہ نے بھی اپنے پرستاروں کے لئے اپنے گانوں کی نئی آئٹمز تیار کی ہیں اور دونوں کے درمیان رقص کا زبردست مقابلہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ سدرہ نور کافی عرصے بعد شالیمار تھیٹر میں پرفارم کر رہی ہیں ۔
آفرین اور ارباز خان کی نئی فلم ’’تیزاب‘‘کی شوٹنگ کا آغاز جلد ہوگا
ماڈل،اداکارہ اور پرفارمر آفرین اور ارباز خان کی نئی فلم ’’تیزاب‘‘کی شوٹنگ کا آغاز جلد ہوگا۔پشتو میں بنائی جانے والی فلم کی دیگر کاسٹ زیر غور ہے جلد فائنل ہوجائے گی۔’’پاکستان‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے آفرین نے بتایا کہ اس فلم میں ایک منفرد رول میں نظر آؤں گی ’’تیزاب‘‘میں میرا رول پاور فل ہونے کے ساتھ ساتھ پرفارمنس سے بھرپور ہے۔اس فلم میں میرے پرستاروں کو میرا کردار مدتوں یاد رہے گا۔ایک سوال کے جواب میں آفرین نے بتایا کہ اس وقت پشتو فلم انڈسٹری پورے عروج پر ہے اسی کی وجہ سے نگار خانے آباد ہیں۔میں نے ہمیشہ کم مگر معیاری کام کو ترجیح دی ہے۔میں فلم اور تھیٹر دونوں میں کام کررہی ہوں 29مئی سے فیصل آباد میں شروع ہونے والے سٹیج ڈرامہ کے لئے نئے ڈریسز اور ڈانس آئٹم تیار کئے ہیں۔آفرین نے بتایا کہ میں شوبز کی سیاست سے دور رہتی ہوں اس لئے پرسکون زندگی گذار رہی ہوں۔
نئے گلوکاروں کو آگے بڑھنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، نافذ ڈار ‘نبیل بٹ
ہم فن موسیقی میں عالمی پائے کے گلوکار بننا چاہتے ہیں‘ہمارے آئیڈیل گلوکار محمد رفیع( مرحوم) ہیں۔ا ن خیالات کا اظہار نئے ابھرتے ہوئے دو سنگرز جو آپس میں ماموں بھانجے ہیں نے ایک خصوصی ملاقات میں کیا۔گلوکار نافذ ڈار اور نبیل بٹ نے کہاکہ نئے فنکاروں کو آگے بڑھنے میں بے پناہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔شوبز میں بغیر سفارش کے کام نہیں چلتا‘ہم آہستہ آہستہ خدا کی طرف سے دیئے گئے فن کو آگے بڑھانے میں مصروف ہیں۔نافذ ڈار بی اے کے طالبعلم جبکہ نبیل ڈار نے آئی کام کیا ہے۔
ریڈیو پاکستان لاہور کے پروگرام منیجر حافظ حفیظ الرحمن کا اسلام آباد تبادلہ
ریڈیو پاکستان لاہور کے پروگرام منیجر حافظ حفیظ الرحمن کا تبادلہ ہیڈ کوارٹر ریڈیو اسلام آباد کر دیا گیا جبکہ ان کی جگہ سہیل احمد بسراء بطور منیجر لاہور آگئے ہیں۔بسراء آئندہ ہفتے باقاعدہ کام شروع کر دیں گے۔
ریکارڈسٹ وحید راؤ کی فاروق سٹوڈیوز میں واپسی
معروف ریکارڈسٹ وحیدراؤکی لمبے عرصے بعد دوبارہ واپسی،فاروق سٹوڈیو جائن کرلیا،تفصیلات کے مطابق معروف ریکارڈسٹ فارو ق راؤ کے بھانجے وحید راؤجو کہ تقریباً پانچ سال قبل اپنے آبائی گاؤں چلے گئے تھے انہوں نے دوبارہ فاروق سٹوڈیو جائن کرلیا ایک ملاقات کے دوران وحید راؤنے بتایاکہ انہوں نے انالاگ ریکارڈنگ سے سٹارٹ لیاتھا اور ڈیجیٹل ریکارڈنگ کو بھی متعارف کروایاتھا مگر اپنے کاروبار کی وجہ سے انہیں یہ کام چھوڑ کر واپس اپنے آبائی گاؤں جانا پڑا مگر اتنے لمبے عرصے بعد وہ دوبارہ واپس آگئے ہیں اور انہوں نے ریکارڈنگز کا آغاز کردیاہے ان دنوں وہ فاروق سٹوڈیومیں مختلف گلوکاروں کی ریکارڈنگز کا آغاز کردیاہے۔انہوں نے کہاکہ وہ ڈیجیٹل ریکارڈنگ میں جدت لائیں گے تاکہ زمانے کے ساتھ چل سکیں۔