دہشت گردوں کے ڈرون ؟

دہشت گردوں کے ڈرون ؟

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

واشنگٹن سے روزنامہ ’’پاکستان‘‘ کے بیورو چیف کے مطابق امریکی حساس ادارے آج کل ایک نئی پریشانی سے دوچار ہیں، ان کو اطلاع ملی ہے کہ دہشت گردوں کے پاس چھوٹے ڈرون کافی تعداد میں ہیں۔ رپورٹ کے مطابق یہ ادارے بڑی سرگرمی سے ان حضرات کو تلاش کررہے ہیں اور ڈرون برآمد کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔
ڈرون طیاروں سے اب کون واقف نہیں، پاکستان کے قبائلی علاقوں میں مسلسل حملوں نے ڈرون کو بہت شہرت دی اور جلد ہی یہ بھی مشتہر ہو گیا کہ ڈرون ٹیکنالوجی کیا ہے اور ان کو کیسے آپریٹ کیا جاتا ہے، اب تو ایسے کیمرے ایجاد ہو گئے ہیں، جو کمپیوٹرٹیکنالوجی سے کنٹرول ہوتے اور مووی بناتے ہیں۔ یہ ٹیلی ویژن نیٹ ورکس کے کام آ رہے ہیں، اس سے بھی پہلے ریموٹ سے چھوٹے چھوٹے کھلونا جہاز اڑانے کا سلسلہ شروع تھا اور یہ عام فروخت کے لئے ہیں، کھیلنے والے بڑی گراؤنڈ میں ریموٹ والے یہ جہاز اڑا کر کھیلتے ہیں۔جہاں تک دہشت گردوں کا تعلق ہے، تو وہ سب جاہل نہیں ہیں، اگر ان کے پاس ایسے چھوٹے طیاروں کا ثبوت ملا، تو انہوں نے اِسی ٹیکنالوجی کی مدد سے یہ بنائے ہوں گے، جو ڈرون کیمروں اور ریموٹ کنٹرول جہازوں کو اڑانے کا ذریعہ ہے۔
جہاں تک امریکی انٹیلی جنس اداروں کی تشویش کا تعلق ہے تو یہ ان کو اس وجہ سے پیدا ہوئی کہ گزشتہ دنوں وائٹ ہاؤس کے اندر لان کے ایک حصے میں چھوٹا ڈرون گر کر ٹوٹ پھوٹ گیا تھا، اب اگر واقعی ان دہشت گردوں کے پاس یہ ہیں تو ان کا غلط استعمال ناممکن نہیں، ان کے ذریعے تو بم بھی پھینکے جا سکتے ہیں، اس لئے پریشانی فطری ہے، جو امریکیوں کو ہوئی اور اب وہ ایک طرف اس تلاش میں ہیں، تو دوسری طرف دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو ڈھونڈا جا رہا ہے۔ مستقبل ہی بتائے گا کہ اس حوالے سے کامیابی کس کا مقدر ہے، بہرحال ڈرون کے حوالے سے تشویش سب کو ہونا چاہئے اور ابھی سے انتظامات کرنا ہوں گے کہ کسی بھی ملک میں یہ غلط مقاصد کے لئے استعمال نہ ہوں۔ ٹیکنالوجی رحمت اور زحمت دونوں طرح کی ہوتی ہے۔

مزید :

اداریہ -