قانون کی حکمرانی؟
امریکہ سے ایک اور مثال سامنے آئی ہے، جس سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ دنیا میں ترقی یافتہ اور سپرپاور ہونا بلاوجہ نہیں، بلکہ وہاں کے نظام میں قانون کی حکمرانی کو اولیت اور ترجیح حاصل ہے کہ کسی چھوٹے بڑے کو کوئی رعائت نہیں، امریکہ کی شمالی ریاستیں اِن دنوں برف کے طوفان کی زد میں ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری ریاست بوسٹن کے رہائشی ہیں، خبر یہ ہے کہ بوسٹن کی مقامی انتظامیہ نے جان کیری کو50 ڈالر جرمانہ کر دیا ہے کہ انہوں نے اپنے گھر کے باہر سے برف نہیں ہٹوائی۔ جان کیری نے جرمانہ ادا کرنے کا فیصلہ کیا اور کر دیا گیا ،جبکہ برف ہٹانے کا بھی انتظام کر دیا، جس کے اخراجات انہوں نے برداشت کئے ایسا شاید امریکہ جیسے ملک ہی میں ہوتا ہے، جہاں کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں، اگر ایسا کوئی واقع ہمارے جیسے کسی ملک میں ہوا ہوتا ،تو اب تک مقامی انتظامیہ برطرف ہو چکی ہوتی، لیکن امریکہ میں یہ قابل تعریف ٹھہرتا ہے کہ قانون کے مطابق کارروائی کی گئی۔
جہاں تک انصاف اور قانون کی حکمرانی کا تعلق ہے تو امریکہ سمیت مغرب کے دوسرے ممالک سے بھی ایسی خبریں ملتی رہتی ہیں اور تجزیہ نگار کہتے ہیں کہ انصاف اور قانون کی حکمرانی ہی سے یہ ممالک ترقی کی راہ پر اتنے آگے جا چکے ہوئے ہیں کیا ہم ایسا نہیں کر سکتے؟ جو ایسے دین متین کے ماننے والے ہیں،جو سرا سر انصاف ہے۔