خواتین کی آنکھوں کے مفت آپریشن کرنے کا پروگرام

خواتین کی آنکھوں کے مفت آپریشن کرنے کا پروگرام

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


یہ خبر نہایت خوش آئند ہے کہ ملازمت پیشہ اور زراعت سے وابستہ 7 لاکھ خواتین کی آنکھوں کے مفت آپریشن کرنے کا پروگرام بنایا گیا ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ ہیلتھ کیئر پنجاب، کالج آفّ آپتھامالوجی میو ہسپتال اور آسٹریلین این جی او فریڈ ہالوز فاؤنڈیشن کے درمیان باقاعدہ ایک معاہدہ طے پایا ہے اس پراجیکٹ کا آغاز آئندہ ماہ تیسرے ہفتے جھنگ، ساہیوال اور خانیوال کے اضلاع سے ہوگا۔ اس سلسلے میں میڈیکل آفیسرز، لیڈی ہیلتھ ورکرز اور میڈیکل ٹیکنیشنز کو باقاعدہ ٹریننگ دی جائے گی۔ جن خواتین کے آپریشن پیچیدہ ہوں گے، انہیں میوہسپتال لاہور بھیجا جائے گا۔ نظر کی کمزوری کی شکایت کرنے والی خواتین کو مفت عینکیں بھی دی جائیں گی۔ یہ پروگرام زراعت سے وابستہ خواتین کے لئے شروع کیا جا رہا ہے، اس کی وجہ سے دیہی علاقوں میں رہنے والی خواتین مستفید ہوسکیں گی، جنہیں آنکھوں کے علاج اور آپریشن کی سہولتیں بہت کم حاصل ہوتی ہیں۔ خواتین کو آنکھوں کے مفت آپریشن کی سہولت سے کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔ اسی طرح کمزور نظر کی حامل خواتین کو مفت عینک حاصل ہونے سے مالی بوجھ سے نجات ملے گی اور ان کی کارکردگی بھی بہتر ہو سکے گی۔
اس پروگرام کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ پہلی بار ملازمت پیشہ اور زراعت سے وابستہ خواتین کو آنکھوں کے مفت آپریشن کی سہولت مہیا کی جائے گی فی الحال یہ پروگرام پنجاب کے 36 اضلاع میں سے صرف تین اضلاع میں شروع کرنے کا پروگرام بنایا گیا ہے۔ توقع ہے کہ آئندہ سال بجٹ کے موقع پر دیگر اضلاع میں بھی یہ سہولت مہیا کرنے کے لئے فنڈ مختص کئے جائیں گے۔ ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ، بہاول نگر، گوجرانوالہ، جہلم، اٹک، راولپنڈی کے اضلاع میں آنکھوں کی بیماریاں عام ہوتی ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ایک سے زیادہ این جی اوز کے تعاون سے پورے پنجاب میں مفت آپریشن اور عینکوں کی فراہمی کا سلسلہ جلد شروع کیا جائے۔ جن ہسپتالوں میں آپریشن کئے جائیں، وہاں تمام سہولتیں مہیا ہوں اور آپریشن کے لئے آنے والی خواتین کو کسی بھی وجہ سے مایوسی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور آنکھوں کے آپریشن کے لئے ماہر آئی سرجنز کی خدمات حاصل کی جائیں۔ یہ شکایات عام ہیں کہ سرکاری سطح پر بہت اچھے منصوبے بنائے جاتے ہیں لیکن عملدرآمد کے حوالے سے بھرپور توجہ نہیں دی جاتی اور لوگوں کو نظر انداز کرنے کی شکایت سننے کو ملتی ہے۔ اگر اس پروگرام کو اہمیت دیتے ہوئے متاثرہ خواتین کو مکمل سہولتیں دی گئیں تو یہ مفید پروگرام ضرور کامیاب ہوگا اور محکمہ صحت پنجاب کی بھی تعریف ہو گی لہٰذا اس پروگرام کی افادیت کا خاص خیال رکھتے ہوئے آسٹریلین این جی او کے تعاون سے پورا فائدہ اٹھانا چاہئے۔

مزید :

اداریہ -