محمد یوسف خان کی رحلت
مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودی ؒ کے دیرینہ ساتھی، رکنِ جماعت اسلامی محمد یوسف خان92برس کی عمر میں لاہور میں انتقال کر گئے، مرحوم کی نمازِ جنازہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے پڑھائی، ممتاز شخصیات نے اُن کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ محمد یوسف خان کی شخصیت بڑی با رعب اور وجیع تھی۔ مریم جمیلہ نے جب لاہور میں اسلام قبول کیا تو سید ابوالاعلیٰ مودودی ؒ نے انہیں محمد یوسف خان سے شادی کا مشورہ دیا، جو مریم جمیلہ نے قبول کر لیا۔ محمد یوسف خان نے اُن کی کتابوں کی اشاعت کے لئے اشاعتی ادارہ بنایا تھا۔ دونوں کی ازدواجی رفاقت مثالی رہی، حالانکہ محمد یوسف خان پہلے سے شادی شدہ تھے۔ محمد یوسف خان تین بار لاہور کارپوریشن کے کونسلر منتخب ہوئے، اس حیثیت میں انہوں نے شہریوں کی بڑی خدمت کی، وہ ہر وقت عوام الناس کی خدمت کے لئے تیار رہتے تھے۔ جماعت اسلامی کے ساتھ اُن کی وابستگی دیرینہ تھی۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور اُن کے پس ماندگان کو صبرِ جمیل کی توفیق عطا فرمائے۔