بھاری مشینری کے کارخانوں کی پاکستان منتقلی کا فیصلہ

بھاری مشینری کے کارخانوں کی پاکستان منتقلی کا فیصلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پاکستان اور چین نے اقتصادی راہداری منصوبے کی تکمیل کے لئے بھاری مشینری کے کارخانے پاکستان منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ فیصلہ پاکستان سرمایہ کاری بورڈ اور چائنہ انجینئرنگ کنسلٹنگ کارپوریشن کے مشترکہ اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں طے پایا ہے کہ چین سے پیٹرو کیمیکل،سٹیل، لیدر، ٹیکسٹائل اور دیگر صنعتوں کے لئے بھاری مشینری تیار کرنے والے کارخانے پاکستان منتقل کئے جائیں گے۔ اِس موقع پر تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں چینی وفد کے سربراہ زاؤ ہو نے بتایا کہ جیسے ہی پاک چائنہ اقتصادی راہداری کے تحت توانائی اور انفراسٹرکچر کے منصوبے مکمل ہوں گے، دونوں ممالک(پاکستان اور چین) کے مابین صنعتی تعاون کا بھی آغاز ہو جائے گا۔ اِس سلسلے میں بہت سا کام پہلے ہی مکمل ہو چکا ہے۔ یہ اَمر خوش آئند ہے کہ سی پیک کے حوالے سے پاکستان اور چین کے مابین بھرپور اور مثالی تعاون ہر مرحلے پر ثابت ہو رہا ہے۔دونوں ممالک کی دوستی گزشتہ کئی دہائیوں سے دُنیا بھر میں بے مثال چلی آ رہی ہے۔چین نے ہر اچھے اور بُرے وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔دوستی کے اس جذبے کے حوالے سے بے ساختہ کہا جاتا ہے کہ پاک چین دوستی پہاڑوں سے بلند اور سمندروں سے گہری ہے۔ اِسی جذبے کے تحت پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو عملی شکل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس عظیم الشان منصوبے کے تحت نہ صرف خطے میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا، بلکہ تین براعظموں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔پاکستان کو ترقی پذیر مُلک کی حیثیت سے تقریباً تمام شعبوں میں بھرپور تعاون کی ضرورت رہتی ہے۔عظیم دوست مُلک چین کی طرف سے بڑھ چڑھ کر ساتھ دیا جا رہا ہے ، تازہ مثال یہ ہے کہ چین نے بخوشی بھاری مشینری کے کارخانوں کو پاکستان منتقل کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ترقیاتی منصوبوں کی جلد اور معیاری تکمیل کے لئے بھاری مشینری کی ضرورت سے انکار نہیں کیا جا سکتا جن ملکوں کے پاس بھاری مشینری نہیں ہوتی، انہیں بعض اوقات دوسرے ممالک سے مشینری منگوا کر منصوبوں کو مکمل کرنا پڑتا ہے۔ سی پیک کے حوالے سے بھاری مشینری کے کارخانے پاکستان منتقل ہوں گے تو ہمیں اپنے گھر کے اندر ہی مطلوبہ بھاری مشینری کے فوری حصول کی سہولت ہو گی اور منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے میں بڑی مدد ملے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ کارخانے پاکستان منتقل ہونے سے ہمارے ماہرین کو نئی ٹیکنالوجی کے حصول میں مزید سہولت ہو گی اور لاکھوں لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی حاصل ہو سکیں گے۔انہی وجوہ سے وطنِ عزیز میں عظیم معاشی انقلاب کے راستے کھلیں گے اور غربت، جہالت اور پسماندگی سے جلد نجات پانے میں مدد ملے گی۔اِس فیصلے کے لئے چینی حکومت کا پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے شکریہ ادا کرنا چاہئے۔ کارخانوں کی منتقلی سے پاکستانی صنعتکاروں کو نسبتاً سستے نرخوں پر مشینری خریدنے کی سہولت بھی ہوگی۔

مزید :

اداریہ -