اقتصادی راہداری منصوبے کی افادیت

اقتصادی راہداری منصوبے کی افادیت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


غربت اور بے روزگاری کے خاتمے کے لئے سی پیک موثر کردار ادا کرے گا۔ اس گیم چینجر منصوبے کو ہم سب نے مل کر کامیاب بنانا ہے۔ اقتصادی راہداری منصوبہ تاریخ کا دھارا موڑ دے گا۔ ان خیالات کا اظہار پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے مختلف اضلاع سے آنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقات میں کیا شہباز شریف نے کہا کہ سی پیک ایسا منصوبہ ہے، جس کی تکمیل سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کا خاتمہ کرنے میں مدد ملے گی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اقتصادی راہداری منصوبے کی افادیت اور نہایت مفید نتائج بیان کئے ہیں۔ اس شاندار اور عظیم منصوبے کی وجہ سے جو سہولتیں علاقے کے لوگوں کومیسر ہوسکیں گی، وہ آہستہ آہستہ واضح طور پر سامنے آرہی ہیں۔ چینی میڈیا کے مطابق اس وقت پاکستان میں 18ارب ڈالر مالیت کے 19منصوبوں پر کام ہورہا ہے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ علاقے کے 60ہزار پاکستانیوں کو روزگار ملے گا اور لوگوں کی غربت کا خاتمہ کرنے میں مدد ملے گی۔ سی پیک کی افادیت سے انکار ممکن نہیں، اس کی کامیابی اور بہترین نتائج کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔ یہ منصوبہ مجموعی طور پر تین براعظموں کو اقتصادی لحاظ سے ملائے گا یہی وجہ ہے کہ متعدد ملکوں کی طرف سے اس منصوبے میں شرکت کے لئے چین اور پاکستان سے رابطہ کیا گیا ہے۔ سی پیک کی وجہ سے پاکستان کو بھی چین کے بنیادی شراکت دار کی حیثیت سے غیر معمولی اہمیت حاصل ہو چکی ہے۔ اس وقت علاقے میں پاکستان کی تجارت اور معیشت میں ترقی شروع ہو چکی ہے۔ گوادر پورٹ کے ذریعے ترقی کا وہ دور شروع ہوگا، جس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا تھا لیکن اب منزل دکھائی دینے لگی ہے۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے درست کہا ہے کہ سی پیک کی تکمیل سے علاقے میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کا خاتمہ کرنے میں مدد ملے گی۔ اس معاملے میں چین نے کئی بار واضح طور پر کہا ہے کہ اس منصوبے کی مخالفت کرنے والے (جس میں بھارت پیش پیش ہے) یاد رکھیں کہ یہ گیم چینجر منصوبہ ہر قیمت پر مکمل کیا جائیگا اور اس کی راہ میں جو بھی رکاوٹ (دہشت گردی سمیت) ہوگی، اس کا موثر طور پر خاتمہ کیا جائیگا۔

مزید :

اداریہ -