سستے آٹے کی فراہمی ، مستحق افراد کو ترجیح دیں

سستے آٹے کی فراہمی ، مستحق افراد کو ترجیح دیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ایک خبر میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے رمضان المبارک کے دوران سستے آٹے کے دو کروڑ تھیلے تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ صوبائی حکومت کی طرف سے عام لوگوں اور مستحق افراد کو سستا آٹا رمضان بازاروں اور اوپن مارکیٹ میں فراہم کیا جائے گا سستے آٹے کے تھیلے کا رنگ سبز ہوگا۔ یہ آٹا سبسڈی پروگرام کے تحت مہیا کیا جائے گا۔ اس پروگرام کو رمضان پیکج کا نام دیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت کی طرف سے رمضان المبارک کے موقع پر سستے آٹے کی فراہمی کا پروگرام خوش آئند ہے اس پروگرام کے تحت چار لاکھ ٹن سرکاری گندم مختص کی گئی ، جو فلورملوں کو مہیا کی جارہی ہے۔ عام لوگوں کو ریلیف مہیا کرنے کے لئے حکومت پنجاب ہر سال رمضان المبارک کے موقع پر سستا آٹا فراہم کرتی ہے۔ یہ سستا آٹا ٹرکوں کے ذریعے ہر شہر میں مہیا کرنے کے لئے خصوصی سنٹر بھی بنائے جاتے ہیں ماضی کے تجربات کی روشنی میں حکومتی حلقوں کو چاہئے کہ سپلائی مراکز کی تعداد میں اضافہ کریں کیونکہ سستا آٹا حاصل کرنے کے لئے لوگوں کی بہت بڑی تعداد ہر جگہ پہنچ جاتی ہے، بلکہ ایسے لوگ بھی زیادہ سے زیادہ خریدنے کی کوشش کرتے ہیں جو تھوڑے سے زائد پیسے خرچ کرکے مارکیٹ سے نسبتاً مہنگا آٹا خریدنے کے وسائل رکھتے ہیں۔ تجربے میں یہ بات آئی ہے دھکم پیل اور بد نظمی کی وجہ سے لوگوں کو آٹا خریدنے میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کیونکہ بعض مقامات پر سرکاری اہلکار دکھاوے کے طورپر ٹرکوں کے ذریعے آٹا مہیا کرتے ہیں۔بہت سے لوگ سستا آٹا حاصل کرنے میں ناکام رہتے ہیں۔اس سال حکومت نے دس کلو آٹے کے تھیلے کے علاوہ بیس کلو آٹے کے تھیلوں کا بھی بندوبست کیا ہے۔ بلاشبہ سستے آٹے کی فراہمی کا پروگرام بہت اچھا ہے لیکن اس کے لئے اولین ترجیح یہ ہونی چاہئے کہ آٹے کے تھیلے و افرمقدار میں عام لوگوں کو آسانی سے مہیا کئے جائیں۔ گزشتہ برسوں کی طرح دھکم پیل اور رش کی صورت نہیں ہونی چاہئے۔ ایک شکایت یہ بھی سامنے آتی ہے کہ سستے آٹے کے تھیلے عام قیمت پر فروخت ہوتے ہیں۔ یہ شبہ ظاہر کیا جاتا ہے کہ بعض حکومتی اہلکار اور سیاسی شخصیات عام لوگوں کے لئے مخصوص آٹے کے تھیلے مبینہ طور پر ٹرکوں میں لے جاتے ہیں اور دکاندار وں سے ملی بھگت کرکے اپنی جیبوں کو بھرلیتے ہیں اور مستحق افراد سستے آٹے کی رعایت سے محروم رہتے ہیں۔ دوسری صورت یہ ہوتی ہے کہ کچھ لوگ مختلف جگہوں سے ایک سے زائد تھیلے حاصل کرکے مارکیٹ میں فروخت کردیتے ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ٹرکوں کے ٹرک غائب کرنے والوں کو اس مرتبہ ناکام بنادیا جائے اور جو لوگ پکڑے جائیں، انہیں سخت سزا دی جائے۔ یہ اس لئے ضرور ی ہے کہ سستے آٹے کی فراہمی کا پروگرام بنیادی طور پر عام لوگوں خصوصاً مستحق افراد کو ریلیف مہیا کرنے کے لئے ہوتا ہے اور سستا آٹا مستحق افراد ہی کو ملنا چاہئے۔حکومتی حلقوں کو یہ بات یقینی بنا کر اس پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کرنا چاہئے۔

مزید :

اداریہ -