فاروق ستار کی پریس کانفرنس نیاجال لائے پرانے شکاری

فاروق ستار کی پریس کانفرنس نیاجال لائے پرانے شکاری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


مکرمی!میں آپ کے موقر روزنامہ کی وساطت سے عرض کرناچاہتاہوں کہ ایم کیو ایم کے سینئر رہنما فاروق ستار نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ الطاف حسین کی جانب سے پاکستان مخالف نعرے اور میڈیا ہاؤسز پر حملوں پر معذرت کا اظہار کیا اور ساتھ ہی یہ بھی کہہ دیا کہ پہلے قائد الطاف حسین کی خرابی صحت اور ذہنی تناؤکا مسئلہ حل کیا جائے۔ اب ایم کیو ایم کوہم پاکستان سے چلائیں گے جبکہ رابطہ کمیٹی لندن کے رکن واسع جلیل نے کہاہے کہ معاملات حسب سابق لندن ہی سے چلیں گے۔ ایم کیو ایم کے قائد پارٹی کے بانی ہیں اور رہیں گے۔ کسی بات پر کنفیوژن نہیں۔
فاروق ستار رابطہ کمیٹی سے مشاورت کریں گے۔ فاروق ستار کی پریس کانفرنس میں ایک ایک لفظ کا بغور جائزہ لیا جائے تو یہ صرف ملک و قوم ، قومی سلامتی کے اداروں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف تھی۔ فاروق ستار کے موقف سے صاف دکھائی دے رہا تھا کہ الطاف حسین اور پاکستان میں موجود ایم کیو ایم کے ذمہ داران و کارکنوں کیخلاف بغاوت کا جو مقدمہ قائم ہونے جا رہاہے اس سے الطاف حسین سمیت تمام افراد کو بچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ سانپ بھی مر جائے اور لاٹھی بھی نہ ٹوٹے۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے عوام کی بہت تضحیک ہوچکی۔ اس ملک کے قومی سلامتی کے اداروں کی بہت ہتک ہو چکی۔ کراچی میں ہزاروں معصوم بے گناہوں کاخون ناحق ان درندوں کے ہاتھوں بہہ چکا ۔ سیاسی، معاشی، ریاستی دہشتگردی بہت ہوچکی، سیاسی مفاہمت کے نام پر پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن، مسلم لیگ ق، جنرل (ر) پرویز مشرف نے ان سانپوں کو بہت دودھ پلایا۔ اب یہ اژدھے اور ناسور بن چکے ہیں ۔ ٹی وی چینلز پر آ کر فاروق ستار بڑے آرام سے کہتے ہیں ہوسکتاہے ہمارے کچھ لوگ انڈیا چلے گئے ہوں اور انہوں نے عسکری ٹریننگ حاصل کر لی ہو اب ہماران سے کوئی تعلق نہیں اگر ان دہشتگردوں سے تعلق نہیں تھا تو رینجرز کے 90 پر آپریشن میں یہ دہشتگر د پکڑے گئے وہ وہاں کیا کررہے تھے۔ نیوز چینلز پر جب یہ خبریں نشر ہوئی ہیں کہ ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کے حوالے سے الطاف حسین پر فرد جرم عائد ہونے والی ہے سکاٹ لینڈ یارڈ نے ناقابل تردید ثبوت اکٹھے کر لیے ہیں یہ سب مذاق ہے۔ جس ملک نے اپنے مقاصد کے لیے اسے سیاسی پناہ ، شہریت دی وہ اس کو بھلا اس کا نقصان ہونے دیں گے؟۔ سینیٹر نسرین جلیل نے کہاہے ایم کیو ایم لندن اور کراچی ایک ہی ہیں الطاف حسین ہی پارٹی کے بانی ہیں، لیجئے بلی تھیلے سے باہر آگئی۔ (چودھری فرحان شوکت ہنجرا۔لاہور)

مزید :

اداریہ -