بزدل دشمن کی دہشت گرد انہ کارروائیاں
مکرمی! دہشت گردی کی حالیہ لہر سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک دشمنوں کے ناپاک عزائم ابھی ختم نہیں ہوئے۔ نیشنل ایکشن پلان، آپریشن ضرب عضب اور کراچی آپریشن کے باوجود ابھی تک دہشت گردی کے ناسور پر مکمل قابو نہیں پایا جا سکا ۔ پاکستان دشمنوں نے ایک بار پھر نہتے اور بے گناہ شہریوں پر حملے کر کے پاکستانی قوم کے حوصلے پست کرنے کی کوشش کی ، لیکن بزدل دشمن کو شاید یہ معلوم نہیں کہ وہ با ہمت پاکستانی قوم کو کبھی شکست نہیں دے سکتا ۔ دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے پوری قوم، حکومت ، افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ہے۔ افغانستان میں چھپے دہشت گردوں کی پشت پناہی پاکستان مخالف قوتیں کر رہی ہیں۔ ہمیں ان ملک دشمن قوتوں کو بتادینا چاہیے کہ پاکستانی نہ تو ڈرنے والے ہیں اور نہ ہی جھکنے والے، جیساکہ افغانستان کی سرزمین پر چھپے دہشت گردوں پر افواج پاکستان کے حملوں نے یہ ثابت بھی کر دیا ہے کہ افواج پاکستان قومی سلامتی کے تحفظ کے لئے ہمہ وقت سینہ سپر ہیں۔ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے حکومت کو نیشنل ایکشن پلان سمیت دیگر اقدامات جاری رکھنے چاہئیں تاکہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔(محمد ارشد، ساہیوال)