چینی جوڑے کے اغوا کی افسوسناک واردات

چینی جوڑے کے اغوا کی افسوسناک واردات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


یہ خبر انتہائی افسوسناک ہے کہ کوئٹہ کے بارونق اور مشہور علاقے جناح ٹاؤن میں ایک چینی جوڑے کو مسلح افراد دن دہاڑے ایک مارکیٹ کے باہر اغوا کرکے فرار ہوگئے۔ چینی میاں بیوی ایک لینگوئج سنٹر میں چینی پڑھاتے ہیں۔ وقوعہ کے وقت وہ اپنی ایک ساتھی چینی خاتون کے ساتھ مارکیٹ سے ضروری خریداری کر کے واپس اپنی قیام گاہ کی طرف جارہے تھے۔ کچھ مسلح افراد انہیں دبوچ کر گاڑی میں ڈالنے لگے تو قریب موجود ایک پاکستانی نے انہیں روکنے کی کوشش کی۔ جس پر مسلح افراد نے فائرنگ کرکے اس شخص کو زخمی کردیا اور فرار ہوگئے۔ تیسری چینی خاتون اغوا ہونے سے بچ گئی۔ اغوا کی یہ دلیرانہ واردات دن دہاڑے اور تھانے کے قریب ہوئی۔ پولیس اور ایف سی کے اعلیٰ حکام چینی جوڑے کو بازیاب کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ آئی جی پولیس نے جناح ٹاؤن اور گوال منڈی تھانوں کے ایس ایچ اوز اور ڈی ایس پی صاحبان کو فو ری طور پر معطل کردیا۔ چین ہمارا عظیم دوست اور ہمسایہ ملک ہے۔ پاک چین دوستی کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہے۔ خصوصاً چائنہ پاک اقتصادی راہداری منصوبے کے حوالے سے دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی معاہدوں نے دنیا بھر میں دھوم مچارکھی ہے۔ چینی شہریوں کی حفاظت پاکستان کے سیکیورٹی اداروں کی خصوصی ذمے داری ہے۔ اغوا ہونے والے چینی میاں بیوی پاکستان میں مہمان ہیں۔انہیں کہا گیا تھا کہ وہ جہاں بھی جائیں پولیس کو بتا کر جائیں لیکن غالباً انہوں نے ایسا نہیں کیا حفاظتی گارڈ بھی ساتھ نہیں تھے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اغوا ہونے والے چینی جوڑے کو جلد از جلد بازیاب کرایا جائے۔ ایک اطلاع کے مطابق اغوا کرنے والوں میں دو چینی شہری لی ثانگ ینگ اور منگ لیا سی بھی شامل تھے۔اندازہ ہے یہ اطلاع اغواء ہونے سے بچ جانے والی چینی خاتون نے دی ہو گی۔ اغواء کے دوران اس نے دونوں چینی اغواء کاروں کو پہچان لیا ہو گا۔ چینی خاتون کی فراہم کردہ معلومات سے اغواء کاروں تک پہنچنے میں آسانی ہو گی۔ ہو سکتا ہے، لین دین کے تنازعے یا کسی ذاتی دشمنی کے باعث چینی جوڑے کو اغوا کیا گیا۔ دو ہفتے کے دوران اغوا کی یہ تیسری واردات ہے۔ ایک چینی انجینئر کو بھی دو روز قبل اغوا کیا گیا تھا۔ دن دہاڑے اور تھانے سے چند گزکے فاصلے پر اغوا کی یہ وار دات کیونکر ہوئی؟۔

مزید :

اداریہ -