سبزیاں مہنگی ہونے پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا نوٹس

سبزیاں مہنگی ہونے پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا نوٹس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے پرائس کنٹرول کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ فوری ایکشن لیکر صورت حال بہتر بنائی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا ہے کہ سبزیوں کی مہنگائی مصنوعی ہے لہٰذا مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف فوری طور پر بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ پہلی بار نہیں ہوا، بار بار قیمتیں بڑھائی جاتی رہی ہیں۔ کبھی ٹرانسپورٹروں کی ہڑتال سے سبزیاں مہنگے داموں فروخت کی جاتی رہیں۔ کبھی بعض سبزیوں کی سپلائی بروقت نہ ہونے سے قیمتوں میں اضافہ کیا گیا۔ سبزیوں میں ٹماٹر اور پیاز کی کمی بار بار ہوتی ہے ٹماٹر ان دنوں بھی بہت مہنگا دستیاب ہے (ایک سو بیس روپے سے دو سو روپے کلو) پیاز بھی پچھلے دنوں ایک سو روپے کلو تک بیچا جاتا رہا۔ اب پیاز توساٹھ روپے سے اسی روپے کلو تک بک رہا ہے لیکن ٹماٹر پورے ملک میں مہنگا بیچا جارہا ہے۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی ہدایت پر سبزیوں کی قیمتوں میں کمی کے لئے پرائس کنٹرول کمیٹی حرکت میں آجائے گی اور ممکن ہے، وقتی طور پر وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر عمل بھی ہو جائے لیکن سوال یہ ہے کہ یہ کمیٹی رمضان المبارک سے اب تک کیوں حرکت میں نہیں آئی۔ یہ کمیٹی آخر کس مرض کی دوا ہے کہ اس کے اراکین اسی وقت بھاگ دوڑ کرتے ہیں، جب وزیر اعلیٰ انہیں ایکشن کی ہدایت کرتے ہیں۔ یہ طریق کار درست نہیں۔ عوام سبزیوں کے ساتھ ساتھ پھلوں اور دالوں کی قیمتوں میں اضافے سے بھی پریشان ہیں۔ پرائس کنٹرول کمیٹی کو ہمہ وقت چوکس اور خبر دار رہنا چاہئے۔ شہریوں کو بھی صورت حال کے مطابق متبادل اشیاء کے استعمال سے مہنگائی پر قابو پانے میں مدد کرنی چاہئے۔ ٹماٹر کی بجائے ہنڈیا کی تیاری کے لئے دہی کا استعمال کرلیں تو ہنڈیا کے ذائقے میں زیادہ فرق نہیں پڑتا۔ تاہم پرائس کنٹرول کمیٹی کے اراکین کو صورت حال کا جائزہ لیکر مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف کارروائی ضرور کرنی چاہئے۔ اس بات کا خاص طور پر خیال رکھا جائے کہ ذمے داران کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہو۔

مزید :

اداریہ -