سگریٹ چھوڑنے کے کتنی دیر بعد آپ کے جسم میں کیا تبدیلی آتی ہے؟ ایسی حقیقت کہ جان کر آپ بھی سوچنے پر مجبور ہو جائیں گے
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) سگریٹ نوش اور سگریٹ چھوڑ دینے والے حضرات کے ذہن میں ایک سوال تو ضرور آتا ہے کہ کیا سگریٹ نوشی ترک کرنے سے جسم کے وہ حصے جو اس سے متاثر ہوئے ہیں، اپنی اصل حاصل میں واپس آ سکتے ہیں یا نہیں؟ تو جناب آپ کیلئے خوشی کی خبر یہ ہے کہ بالکل ایسا ممکن ہے اور انتہائی حیرانی اور خوشی کی بات یہ ہے کہ جسمانی تبدیلیوں کا یہ عمل آخری سگریٹ پینے کے صرف 20 منٹ بعد ہی شروع ہو جاتا ہے اور اگلے 20 سال تک جاری رہتا ہے اس لئے اگر آپ نے سگریٹ نوشی ترک کر دی ہے تو ٹھیک، ورنہ اسے فوری ترک کریں اور صحت مند زندگی کی جانب سفر کا آغاز کریں۔
سگریٹ نوشی ترک کرنے کی حوصلہ افزائی کرنے والی ایک ویب سائٹ "QuitSmoking.com" نے انتہائی مفید معلومات پر مبنی ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح سگریٹ نوشی ترک کرنے کے بعد جسمانی تبدیلیوں کا عمل رونما ہوتا ہے اور وقت گزرنے کیساتھ ساتھ کس طرح کی تبدیلیاں پیدا ہوتی ہیں۔
ویب سائٹ کے مطابق آخری سگریٹ پینے کے 20 منٹ بعد ہی بلڈ پریشر، دھڑکن اور ہاتھوں اور پیروں کا درجہ حرارت معمول پر آ جاتا ہے۔ 8 گھنٹے گزرنے کے بعد جسم میں موجود نکوٹین کی مقدار 93.25 فیصد تک کم ہو جاتی ہے اور 12 گھنٹوں کے بعد خون میں آکسیجن کی مقدار معمول پر آنے کیساتھ ساتھ کاربن مونو آکسائیڈ کا لیول بھی معمول پر آ جاتا ہے۔ 24 گھنٹے گزرنے کے ساتھ ہی تمام جسم معمول کے مطابق کام کرنے لگتا ہے اور آپ سگریٹ نوشی ترک کرنے کے ابتدائی لمحات میں داخل ہو جاتے ہیں۔
48 گھنٹے گزرنے کے ساتھ ہی نروس سسٹم کو پہنچنے والا نقصان بھی دور ہونا شروع ہو جاتا ہے اور اس کے ساتھ ہی سونگھنے اور چکھنے کی حس بھی معمول کے مطابق کام کرنا شروع کر دیتی ہیںہے لیکن اس موقع پر سگریٹ نوشی ترک کرنے کی وجہ سے ذہن پر سوار ہونے والا غصہ اور ڈپریشن بھی اپنے عروج پر پہنچ چکا ہوتا ہے لیکن 72 گھنٹے گزرنے کے بعد 100 فیصد نکوٹین سے پاک ہو جاتے ہیں آپ کے پھیپھڑے بھی مکمل طور پر آرام کی حالت میں آ جاتے ہیں جس کے باعث سانس لینے میں کوئی دشواری پیش نہیں آتی اور اسے محسوس بھی کیا جا سکتا ہے۔