انرجی ڈرنکس کی عادت نشے کی لت کی وجہ بن سکتی ہے،تحقیق

تعلیم و صحت

اسلام آباد(صباح نیوز) ماہرین نے ایک سروے کے بعد خبردار کیا ہے کہ جو نوجوان 20کی دہائی میں انرجی ڈرنکس بے تحاشہ پیتے ہیں وہ آگے چل کر شراب نوشی اور دیگر نشہ آور اشیا کے عادی بن سکتے ہیں۔دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی انرجی ڈرنکس کا استعمال روز بروز بڑھ رہا ہے اور ماہرین کے مطابق اس سے ٹائپ ٹو ذیابیطس کا مرض بڑھ رہا ہے لیکن بری خبر یہ ہے کہ انرجی ڈرنکس سے شراب اور منشیات کے استعمال کی راہ بھی کھل سکتی ہے۔

پاکستان میں بھی 18سے 35سال کے افراد میں انرجی ڈرنکس کا استعمال بڑھ رہا ہے۔امریکہ کی یونیورسٹی آف میری لینڈ کے مرکز برائے صحتِ نوجوانان سے وابستہ ڈاکٹر ایمیلیہ آریا کہتی ہیں کہ انرجی ڈرنکس کے زائد استعمال اور منشیات کے درمیان ایک اہم تعلق کا انکشاف ہوا ہے۔ماہرین نے اس کے لیے 1099 افراد کا جائزہ لیا جو پہلے کالج میں سالِ اول کے طالبعلم تھے اور ان کی اوسط عمر 18برس تھی۔ اس کے بعد 21سے 25سال پورے ہونے پر ان کا جائزہ لیا جاتا رہا۔ ان میں سے 51 فیصد افراد نے مسلسل انرجی ڈرنکس کا استعمال کیا جن میں شراب نوشی اور دیگر منشیات کا استعمال ذیادہ دیکھا گیا یعنی 18سے 20سال کی عمر سے انرجی ڈرنکس پینے والوں میں اگلے پانچ سے سات سال میں نشہ آور اشیا کی لت نوٹ کی گئی جبکہ کم انرجی ڈرنکس پینے والوں میں یہ تناسب کم پایا گیا۔

ماہرین کے مطابق انرجی ڈرنکس کا زیادہ استعمال کرنے والے نوجوانوں میں کوکین اور دیگر خطرناک نشے کا استعمال بھی نوٹ کیا گیا۔ اس سے قبل ماہرین خبردار کرچکے ہیں کہ انرجی ڈرنکس کا استعمال فوری طور پر دل کی دھڑکنوں کو بے ترتیب کر کے بلڈ پریشر میں اضافے کی وجہ بھی بن سکتا ہے۔