ڈائٹ کوک یا پیپسی کو صحت کیلئے کم نقصان دہ سمجھنے والے یہ تشویشناک تحقیق ضرور پڑھ لیں، سائنسدانوں نے ایسا خوفناک نقصان بتادیا کہ جان کر آپ کہیں گے چینی کھا کر موٹا ہونا ہی بہتر ہے
لندن(نیوزڈیسک) اگر آپ ریگولر کوک پینے کی بجائے ’ڈائٹ‘ کوک پی کر سمجھتے ہیں کہ اس کے نقصانات کم ہیں تو آپ کی سوچ بالکل غلط ہے کیونکہ ایک تازہ تحقیق میں بتایا گیا کہ ڈائٹ کوک ریگولر کوک سے بھی زیادہ خطرناک ہے۔
ڈیلی میل آن لائن نے اپنی ایک خبر میں ”پرڈیو یونیورسٹی“کی ایک پانچ سالہ تحقیق کے حوالے سے لکھا ہے کہ ڈائٹ سوڈاپینے سے موٹاپے اور دیگر بیماریوں کے امکانات ویسے ہی ہوتے ہیں جیسے ریگولر سوڈا استعمال کرنے سے۔پانچ سال کی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ جو لوگ ڈائٹ سوڈا پی کر موٹاپے کا شکار نہیں ہوتے تو ایسے لوگ ذیابیطس ،دل کی بیماریاں اور فالج کا نشانہ بن سکتے ہیں۔
تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ اس تحقیق کے نتائج نے انہیں بھی حیران کردیا ہے اور وہ لوگوں کو مشورہ دیتے ہیں کہ کبھی بھی ڈائٹ سوڈا نہ پئیں۔تحقیق کار پروفیسر سوزین سویتھرز کا کہناہے کہ تحقیق سے قبل وہ سمجھتی تھیں کہ ڈائٹ سوڈا زیادہ نقصانات نہیں رکھتا لیکن نتائج آنے کے بعد اس کے اپنے پاﺅں کے نیچے سے زمین نکل گئی ہے کیونکہ اس کے مضمرات تو ریگولر کوک سے بھی زیادہ ہیں۔اس کا کہنا ہے کہ اس میں موجود مصنوعی چینی سے دماغ کشمکش کا شکار ہوجاتا ہے اور اسے یہ سمجھ نہیں آتی کہ اس چینی کے ساتھ کس طرح نبردآزماہواجائے اور وہ جسم کو مزید چینی کھانے کا کہتا ہے، جس کے اپنے مضمرات ہیں۔
اس کا کہنا ہے کہ مصنوعی چینی والے مشروبات پینے کے بعد جسم میں موجود بلڈ شوگر ریگولیٹ کرنے والے ہارمونز ریلیز نہیں ہوتے اور جسم کنفیوژن کا شکار رہتا ہے اور ہمیں چینی والی اشیاءکھانے کی رغبت ہوتی ہے۔