صبح سویرے چست و توانا رہنے کے آسان طریقے

صبح سویرے چست و توانا رہنے کے آسان طریقے
صبح سویرے چست و توانا رہنے کے آسان طریقے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پیرس (نیوز ڈیسک) صبح کے وقت نیند سے بیدار ہونے کے بعد اکثر لوگ غنودگی اور سستی محسوس کرتے ہیں اور یہ بات بہت اہم ہے کہ اگر آپ کے دن کا آغاز کاہلی سے ہورہا ہے تو سارا دن ہی ایسا گزرے گا کہ آپ اپنا کام مستعدی سے کرنے کے قابل نہیں ہوں گے۔
دن بھر سرگرم اور مستعد رہنے کیلئے اپنے دن کے آغاز کو توانائی سے بھرپور بنائیں اور اس کے لئے کچھ اہم مشورے پیش خدمت ہیں، نیند کے دوران جسم میں پانی کی مقدار کم ہوجاتی ہے اور یاد رکھیں کہ جسم کے پانی میں محض دو فیصد کی کمی بھی آپ کو جسمانی اور ذہنی طور پر تھکادے گی، لہٰذا یہ عادت بنالیں کے صبح بیدار ہونے کے بعد ایک گلاس نیم گرم پانی میں شہد اور لیموں کا رس ملا کر ضرور پئیں۔
٭.... اگر شہد اور لیموں نہ بھی دستیاب ہو تو نیم گرم پانی ضرور پئیں، اس سے آپ کی توانائی سارا دن بحال رہے گی۔
٭.... اس بات کو یقینی بنائیں کہ سونے سے پہلے یہ عزم کریں کہ آپ نے صبح کے وقت الارم بجتے ہی بیدار ہونا ہے اور کبھی بھی سنوز کا بٹن دبا کر مزید پانچ یا 10 منٹ کیلئے نہیں سونا ہے۔ اگر آپ فوری بیدار ہونے کو عادت بنالیں گے تو آپ کو نیند بھی زیادہ اطمینان بخش محسوس ہوگی اور دن بھر ہشاش بشاش بھی رہیں گے۔
٭.... شوخ اور چمکدار رنگوں کا ذہن پر مثبت اثر ہوتا ہے لہٰذا اہتمام کریں کہ جب آپ بیدار ہوں تو آپ کی نظر شوخ رنگوں پر پڑے، اس مقصد کیلئے پردوں، دیواروں، فرنیچر یا بستر اور تکیے کو مطلوبہ رنگ دئیے جاسکتے ہیں۔
٭.... سورج کی روشنی جسم کی قدرتی گھڑی کو بیدار کردیتی ہے، اس لئے جاگنے کے بعد کوشش کریں کہ کچھ وقت سورج کی روشنی میں گزاردیں۔ مثلاً آپ ہلکی دھوپ میں بیٹھ کر چائے پی سکتے ہیں یا اخبار کا مطالعہ کرسکتے ہیں۔

مزید :

تعلیم و صحت -