نوعمری کی کم خوابی موٹاپے کا باعث
سان فرانسسکو (نیوز ڈیسک) اچھی نیند کو ہر عمر کے لوگوں کی بنیادی ضرورت ہے لیکن نوعمر لوگوں کیلئے اس کی خصوصی اہمیت ہے۔ آج کل کے بچے ٹی وی اور انٹرنیٹ جیسی دلچسپیوں کی وجہ سے مکمل نیند نہیں لے پارہے اور ایک تازہ تحقیق نے خبردار کیا ہے کہ نوعمری میں نیند کی کمی کی وجہ سے بعد کی زندگی میں دیگر مسائل کے علاقہ موٹاپے کی بیماری کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔
کولمبیا یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے 16 سے 21 سال کے 10 ہزار سے زائد لوگوں کے مطالعے کے بعد یہ نتائج اخذ کئے ہیں کہ اس عمر کے لوگوں میں نیند کی کمی خصوصی نقصانات کا باعث بنتی ہے اور 21 سال عمر تک پہنچتے پہنچتے یہ موٹاپے کی بیماری کا شکار ہوجاتے ہیں۔
یہ بیماری ان لوگوں میں نہیں پائی گئی جو نوعمری میں 9 سے 10 گھنٹے کی نیند باقاعدگی سے پوری کرتے رہے ہیں۔ سائنسی جریدے ”پیڈی ایٹرکس“ میں شائع ہونے والی تحقیق میں والدین کو خبردار کیا گیا ہے کہ 6 گھنٹے سے کم سونے والے بچوں کو صحت کے شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے اور نوعمر لوگوں کو 8 گھنٹے سے زائد نیند یقینی بنانا چاہیے۔