حلال اور حرام مرغی کے گوشت کی پہچان کیا ہے؟آپ بھی جانئے اور احتیاط کریں
لاہور(خصوصی رپورٹ) ایک عرصے سے حرام مرغی کے گوشت کی خبریں ملتی آرہی ہیں لیکن عام شہری حلال اور حرام گوشت میں امتیاز سے ناواقف ہیں لیکن اب یہ پریشانی ختم سمجھیں اور احتیاط کریں ۔
تفصیلات کے مطابق حرام مرغی کا گوشت قدرے نیلاہوتاہے جبکہ حلال کی گئی مرغی کا گوشت گلابی یا ہلکا پیلا ہوگا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اسلامی طریقے سے حلال کی گئی مرغی کا ساراخون باہر نکل جاتاہے اور صرف گوشت کا رنگ ہی رہ جاتاہے جبکہ حرام مرغی کا خون جسم سے باہر نہیں نکل پاتا اور اندر ہی جم جاتاہے جو جمنے کے بعد گوشت کا رنگ قدرے نیلاپڑجاتاہے ۔
یہ بھی انکشاف ہواہے کہ پنجاب میں حرام مرغیوں کیلئے بیوپاری حضرات ’ٹھنڈی مرغی یا اکھ میٹی‘ کی اصطلاح استعمال کرتے ہیں ۔
اسی طرح کچھ عرصہ قبل تک پریشروالے گوشت کا بھی آپ سنتے ہی رہے ہوں گے ، پریشر والے گوشت کا رنگ بالکل ہلکاگلابی ہوگا ، اگر پریشر نہ لگاہواتوگوشت کا رنگ شوخ گلابی ہوگا۔ پریشر لگانے کیلئے قصاب حضرات پانی کا ایک پائپ جانور کو ذبح کرنے کے بعد پانی کا پائپ شہہ رگ میں ڈال کر پریشر سے پانی چھوڑتے ہیں جس کی وجہ سے پانی پورے دباﺅ کیساتھ ہرچھوٹی بڑی رگ میں پہنچ جاتاہے اور یہ حربہ صرف ناجائز منافع خوری یعنی پانی استعمال کرکے گوشت کا وزن بڑھانے کیلئے کیا جاتاہے ۔ گرم گرم جسم میں پانی بھرنے کی وجہ سے پریشروالے گوشت میں سے بھی مناسب خون خارج نہیں ہوپاتا۔