عامر خان نے جو کہا سچ کہا ،شاہ رخ خان مسٹر پرفیکٹ کی حمایت میں سامنے آگئے
نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک )بالی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان عامر خان کی حمایت میں سامنے آگئے ،کہتے ہیں عامر خان نے عدم برداشت پر جو کہا سچ کہا ،کسی کو ضرورت نہیں ہے کہ وہ اپنی حب الوطنی کا یقین دلاتا پھرے ،آپ صرف ملک کے مفاد کیلئے کام کریں اور بس۔بھارت میں عدم تحفظ پر جہاں عام مسلمان اور اقلیتیں پریشان ہیں وہاں فنکار کمیونٹی بھی اس مسئلے سے دوچار ہے ۔گزشتہ دنوں عامر خان کی جانب سے بھارت میں عدم تحفظ پر تحفظات کے اظہار کے بعد سے تو جیسے ملک میں ہنگامہ ہی مچ گیا ہے ۔مسٹر پرفیکٹ کیخلاف احتجاج ، پوسٹر جلائے جانے کے بعد ان کو تھپڑ مارنے پر انعام کے ساتھ ساتھ تھپڑ مارنے کیلئے خصوصی ویب سائٹ بھی بنا ئی گئی لیکن عامر خان کے موقف کودرست ماننے والوں کی بھی کمی نہیں ہے ۔بالی وڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان بھی ان کی حمایت میں سامنے آگئے ہیں ۔بالی وڈ کنگ کا کہنا ہے کہ بھارت میں بڑھتے ہوئے عدم تحفظ پر عامر خان نے جو بھی کہا وہ درست ہے ،انہوں نے کوئی غلط بات نہیں کی ۔بالی وڈ ستار کا کہنا تھا کہ مجھے یہ خبریں بھی مل رہی ہیں کہ لوگ میری فلمیں نہیں دیکھیں گے ،انہوں نے کہا ایسے لوگوں کیلئے میر اپیغام صرف یہ ہے کہ اگر میں ایمانداری سے کام کروں گا تو اس کا فائدہ ملک کو ہو گا۔