پریس کانفرنس میں آنے میں تاخیر ، صحافیوں نے کنگ خان کی پریس کانفرنس کا بائیکاٹ کر دیا
چنئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بالی ووڈ سپر سٹار شاہ رخ خان کے کروڑوں مداح ان کی ہر بات پر سر تسلیم خم کرنے کو تیار رہتے ہیں لیکن کبھی کبھی نہلے کو بھی دہلا پڑ جاتا ہے ، شاہ رخ خان کے ساتھ ایسا اس وقت ہوا جب وہ اپنی آنے والی فلم ”ہیپی نیو ایئر “کے سلسلے میں پریس کانفرنس کرنے والے تھے لیکن تاخیر سے آنے پر صحافیوں نے ان کی تقریب کا بائیکاٹ کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان نے اپنی نئی فلم ”ہیپی نیو ایئر“ کی تشہیر کے حوالے سے چنائی کے آئی ٹی سی گراﺅنڈ میں پریس کانفرنس کا اہتمام کررکھا تھا، اس سلسلے میں انہوں نے صحافیوں کو شام ساڑھے 4 بجے کا وقت دے رکھا تھا لیکن شاہ رخ خان تو بادشاہ ہیں صحافیوں کو بلایا ساڑھے 4 بجے اور خود پہنچے رات 8 بجے جس پر صحافیوں نے احتجاج کیا۔
شاہ رخ خان کی جانب سے صحافیوں کو اپنے تاخیر سے پہنچنے پر مناسب وجہ نہ بتانے پر صحافی طیش میں آگئے اور انہوں نے بالی بالی ووڈ سپر سٹار کو آڑے ہاتھ لیا۔ کنگ خان نے صحافیوں میں ہر ایک کے ساتھ خصوصی بات چیت کا لالچ بھی دیا لیکن ان کا حربہ بھی کوئی کام نہ آیا اور صحافی ان کی تقریب ہی چھوڑ کر چلے گئے۔