لکھنو میں شیو سینا کی دھمکیوں کے سائے تلے پاکستانی گلوکار غلام علی نے لوگوں کو جھومنے پر مجبور کر دیا
لکھنو(مانیٹرنگ ڈیسک) معروف پاکستانی گلوکار غلام علی نے ہندو انتہا پسند تنظیم شیو سینا کی دھمکیوں کے باوجود بھارت کے شہر لکھنو میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا ،تقریب کے شرکاءغلام علی کی غزلوں پر جھوم اٹھے ،ریاستی گورنر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شیو سینا کی دھمکیوں کے باوجودمعروف پاکستانی گلوکار غلام علی نے لکھنو میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا ،تقریب پرامن طریقے سے منعقد ہوئی جس میں اتر پردیش کے گورنر رام نائیک بھی موجود تھے ۔اس موقع پر سیکورٹی کے کڑے انتطامات کئے گئے تھے ۔ تقریب میں موجود سامعین غلام علی کی غزلوں پر جھومتے رہے اور انہیں بھرپور داد دی۔ اس موقع پر غلام علی کا کہنا تھا کہ ممبئی میں شیو سینا کی وجہ سے شو منسوخ ہونے پر میں ناراض نہیں ہوں ۔ میں ان لوگوں سے پیار کرتا ہوں ، میں جانتا ہوں کہ پیار خیالات کو تبدیل کر سکتا ہے ۔ اس موقع پر اتر پردیش کے گورنر رام نائیک بھی موجود تھے ۔ ان کا کہنا تھا کہ موسیقی کسی ملک کے لئے مخصوص نہیں ہے یہ ایک یکساں طاقت ہے ، موسیقی ایک عالمی زبان ہے جو دلوں کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے ۔ اس سے قبل لکھنو پولیس نے یقین دہانی کرائی تھی کہ غلام علی کی تقریب کو ہر ممکن سیکیورٹی فراہم کی جائے گی ۔ واضح رہے کہ ہندو انتہاءپسند تنظیم شیو سینا نے پاکستانی گلوکار غلام علی کو لکھنو میں پرفارم کرنے سے روکنے کی دھمکی دی تھی ۔