ملکہ شیراوت بالی ووڈ میں آنے سے قبل بھارت کی نجی ایئرلائن میں بطور ایئر ہوسٹس ملازمت کرتی تھیں

تفریح

ممبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن ) بھارتی فلم انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ ملکہ شیراوت بالی ووڈ میں انٹری سے قبل انڈین ائیر لائن میں بطور ایئر ہوسٹس ملازمت کرتی تھیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ میں بولڈ اداکاری کے حوالے سے مشہور اداکارہ ملکہ شیراوت کا اصل نام ریمالامبا ہے۔ تاہم بالی ووڈ جوائن کرنے کے بعد انہوں نے اپنی شخصیت کے ساتھ اپنے نام کو بھی مکمل طور پر تبدیل کرلیا اور خود کو ایک نیا نام ملکہ شیراوت دیا اور اسی نام سے وہ بھارت سمیت پوری دنیا میں مقبول ہوگئیں۔ملکہ شیراوت نے دہلی سے کالج ختم کرنے کے بعدبھارتی نجی ائیر لائن میں ائیر ہوسٹس کی ملازمت کرلی، بعد ازاں انہیں اسی ائیر لائن کے پائلٹ کرن سنگھ گل سے محبت ہوگئی اور دونوں شادی کے بندھن میں بندھ گئے مگر دونوں کو جلد ہی احساس ہوگیا جلد بازی میں کیا گیا یہ فیصلہ غلط ہے اور دونوں کے درمیان علیحدگی ہوگئی۔
طلاق کے بعد ملکہ نے ائیر ہوسٹس کی جاب چھوڑدی اور ایک نئے نام کے ساتھ بالی ووڈ میں انٹری دی، کیرئیر کی ابتدا میں تو ملکہ کافی فلموں میں کام کرتی نظر آئیں خاص طور پر آئٹم نمبر اور فلموں میں بولڈ مناظر فلمانے کی وجہ سے انہیں کافی شہرت حاصل ہوئی تاہم گزشتہ کافی عرصے سے وہ فلموں سے دور ہیں اور پیرس سے تعلق رکھنے والے بزنس مین کائرلی کے ساتھ دوسری بارشادی کرکے پیرس میں خوشگوار زندگی گزار رہی ہیں۔