ماہرہ کی فلم پر پابندی لگانے سے متعلق ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا : مبشر حسن

تفریح

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستانی ہدایت کار شعیب منصور کی فلم ’ورنہ‘ رواں ماہ 17 تاریخ کو ریلیز کے لیے تیار ہے، تاہم اب ایسی خبریں سامنے آرہی ہیں کہ سینٹرل بورڈ آف فلم سنسرز (سی بی ایف سی) نے اس فلم کی نمائش پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈان نیوز کا کہناہے کہ تاہم سینٹرل بورڈ کے چیئرمین مبشر حسن نے فلم کی نمائش پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ ابھی اس حوالے سے کچھ فیصلہ نہیں کیا گیا۔واضح رہے کہ اسلام آباد میں قائم سی بی ایف سی ملک بھر میں فلموں کی اسکریننگز کے حوالے سے فیصلہ کرتا ہے۔فلم پر پابندی کی خبروں کے بعد شائقین نے سوشل میڈیا پر اپنی مایوسی اور غصے کا اظہار بھی کیا۔دوسری جانب نجی ٹی وی جیونیوزکا کہناہے کہ ماہرہ خان کی فلم کے حوالے سے سینسر بورڈ آج رات حتمی فیصلہ کر ے گا ۔