سارہ علی خان اپنی قابلیت سے بالی ووڈ کو ہلا کر رکھ دے گی : کرینہ کپور کا دعویٰ

تفریح

ممبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن )امریتا سنگھ سے شادی کے بعد پیدا ہونے والی سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان کی فلم ”کیدرناتھ “ میں انٹری کے حوالے سے کرینہ کپور کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ میں سارہ کا مستقبل روشن ہو گااور مجھے یقین ہے کہ وہ اپنی خوبصورتی اور قابلیت سے بالی ووڈ کو ہلا کر رکھ دے گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سیف علی خان کی موجودہ بیوی کرینہ کپور نے اپنے ایک بیان میں سارہ علی خان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں سارہ کی قابلیت پر پورا بھروسہ ہے۔وہ انتہائی با صلاحیت لڑکی ہے اور اداکاری اس کے خون میں شامل ہے۔
کرینہ کپور نے یہ بھی کہا کہ سارہ انتہائی خوبرو اور متاثر کن شخصیت کی حامل ہے اور یقین ہے کہ وہ اپنی خوبصورتی اور قابلیت سے بالی ووڈ کو ہلا کر رکھ دے گی۔
بھارتی میڈیا میں یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ سارہ علی خان ڈائریکٹر ابھیشیک کپور کی فلم ”کیدرناتھ“ سے بھارتی فلم نگری میں قدم رکھنے جا رہی ہیں۔ فلم میں سارہ علی خان کے مدمقابل ششانتھ سنگھ راجپوت کو کاسٹ کیا جائے گا۔