ابھیشک سے پہلے بھی ایشوریا شادی شدہ تھیں؟؟؟
ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) صف اول کی بھارتی اداکارہ ایشوریا رائے کی ابھیشک بچن سے شادی کے نو سال بعد پھر یہ بحث عروج پر ہے کہ کیا سابق حسینہ عالم کی کبھی کسی درخت سے بھی شادی ہوئی تھی؟میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی بحث ایشوریا کے سسر امیتابھ بچن کے نواسی اور پوتی کے نام سوشل میڈیا پر کھلے خط کے بعد شروع ہوئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں ماہ کے آغاز میں اپنی نواسی نیویا اور پوتی آرادھیا کے نام ایک کھلے خط میں امیتابھ بچن نے انہیں سماج کے تھوپے نظریات اور فیصلوں کے سائے میں زندگی نہ گزارنے کی نصیحت کی تھی۔
امیتابھ بچن نے فیس بک پر ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی تھی جس میں انہوں نے یہ خط پڑھ کر سنایا۔ اس خط کو جہاں مثبت انداز میں پذیرائی ملی وہیں سوشل میڈیا پر ملے جلے رد عمل والے ٹویٹس کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا۔
بھارتی کامیڈین آدیتی متل نے اپنے ٹویٹ میں کہا،” اب امیتابھ بچن اپنی پوتیوں کو نسوانی نظریات بھرا خط لکھ رہے ہیں جبکہ اپنی بہو ایشوریا رائے کو انہوں نے درخت سے شادی کرنے پر مجبور کیا تھا۔“ اس پر ابھیشک بچن کا جوابی ٹویٹ آیا،“ہم بھی اسی درخت کی تلاش میں ہیں۔“دوہزار سات میں ایشوریا کی شادی سے قبل بھی ان کی درخت سے شادی کا معاملہ بحث کا موضوع رہ چکا ہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ میں کہا گیا تھا کہ چونکہ اپنے زائچے کے مطابق ایشوریا” منگلک“ ہیں اور ہندو مذہب کی رو سے اس کے ان کے شوہر کی زندگی پر برے اثرات پڑ سکتے ہیں، لہذا ان اثرات کو ختم کرنے کے لیے ہندو روایت کے مطابق پہلے ان کی شادی کسی درخت سے کی گئی تھی۔ تاہم بچن خاندان اس بات سے ہمیشہ انکار کرتا آیا ہے۔سوشل میڈیا پر یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ یہ سارا معاملہ امیتابھ بچن کی نئی فلم ’پنک‘ کی اشتہاری مہم کا حصہ ہے جو خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کے موضوع پر بنائی گئی ہے۔