دنیا کا عجیب ترین جہاز
پیرس (نیوز ڈیسک) اگر آپ کو کبھی فضا میں وہیل مچھلی جسیا طیارہ اڑتا نظر آئے تو جان لیں کہ یہ ایئربس کمپنی کا عجیب و غریب شکل اور طاقت والا جہاز ”بلوگا“ ہے جو کہ ماہ 20 سال کا ہوگیا ہے۔ ایئربس نے یہ پانچ طیارے 20 سال پہلے ایک خصوصی مقصد کے تحت تیار کئے اور آج بھی انہیں صرف ایئربس کمپنی اپنے لئے ہی استعمال کرتی ہے۔ ایئربس ایک بہت بڑی طیارہ ساز کمپنی ہے جس کی فیکٹریاں یورپ کے متعدد ممالک میں پھیل ہوئی ہیں اور ہر فیکٹری میں اس کے طیاروں کا کوئی مخصوص حصہ تیار کیا جاتا ہے اور پھر تولوز یا ہیمبرگ شہر میں ان تمام حصوں کو اکٹھا کرکے مکمل جہاز کی شکل دی جاتی ہے۔ جہازوں کے بڑے بڑے حصوں کو لانے لے جانے کیلئے یہ خصوصی جہاز تیار کیا گیا جس کی گنجائش کسی بھی عام جہاز سے زیادہ ہے۔ اس میں بڑے بڑے ٹینک، ٹرک اور ہیلی کاپٹر بھی لے جائے جاسکتے ہیں۔ اس کی وزن اٹھانے کی صلاحیت 47 ٹن ہے اور اس کا کاک پٹ خصوصی طور پر نیچے جھکا ہوا ہے جس کی وجہ سے اسے سامنے سے کھول کر بھی سامان لادا جاسکتا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس شاندار جہاز کا بہترین ماڈل بنانے پر کام جاری ہے۔ بلوگا X2 کہلانے والے نئے جہاز میں گنجائش بھی زیادہ ہوگی اور یہ فاصلہ بھی زیادہ طے کرسکے گا البتہ اس کی کی شکل موجودہ بلوگا جیسی ہی ہوگی۔