سلمان خان نے میرے خلاف ’فتویٰ ‘جاری کر دیا تھا، ویویک اوبروئے کا انکشاف
ممبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن) کہا جا تا ہے بالی ووڈ میں جس نے سلمان خان سے دشمنی کرلی اس کا مستقبل تاریک ہوجاتا ہے اور اس کی واضح مثالیں ارجن رام پال اور وویوک اوبیرائے ہیں۔ وویک نے سلمان خان اور ایشوریاکی محبت کے درمیان کباب میں ہڈی کا رول ادا کیا جس کے سبب تمام تر صلاحیتوں کے باوجود کوئی بڑا پروڈیوسر انہیں اپنی فلم میں نہیں لیتا لیکن اب انہوں نے اپنے ایک انٹرویو میں سلمان خان سے متعلق اپنا خوف بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک وقت انہیں ایسا لگنے لگا تھا کہ سلمان خان نے ان کے خلاف فتویٰ جاری کردیا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق حال ہی میں دئیے گئے ایک انٹرویو کے دوران ویویک اوبروئے نے اپنے اورسلمان خان کے درمیان اختلافات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ سلمان سے جھگڑے کے بعدانہیں ایسا لگ رہاتھا جیسے انہوں نے اپنی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے میرے خلاف فتویٰ جاری کردیا ہو کیونکہ ہٹ فلمیں دینے کے باوجود فلمساز مجھے بالی ووڈ میں کام دینے کے لیے تیارنہیں تھے، میری نجی زندگی تہس نہس ہوچکی تھی اور میں کسی بھی چیز پر کنٹرول نہیں کرپارہا تھا، میری فلم ”شوٹ آو¿ٹ ایٹ لوکھنڈوالا“ کامیاب تھی لیکن اس کے باوجود میں گھر پر بیٹھا تھا تاہم اب حالات بہتر ہیں، ویویک نے حال ہی میں فلم ”ویوگام“ میں منفی کردارادا کیا ہے جسے شائقین کی جانب سے پسند کیا جارہا ہے۔
واضح رہے بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان اور اداکارویویک اوبروئے کے درمیان دشمنی کافی پرانی ہے یہاں تک کہ سلمان خان ویویک اوبروئے کے بارے میں بات بھی کرنا پسند نہیں کرتے جبکہ ویویک بھی سلمان خان سے دوررہنے کی کوشش کرتے ہیں، دونوں اداکاروں کے درمیان دشمنی کا آغاز ایشوریا رائے کی وجہ سے ہواتھا، ایشوریا رائے نے سلمان خان کو چھوڑ کرویویک اوبروئے کے ساتھ نزدیکیاں بڑھانی شروع کیں تو یہ بات سلمان خان سے برداشت نہ ہوئی اورانہوں نے ویویک اوبروئے سے جھگڑا مول لیا تھا۔