بھارت کے مشہور ڈیجیٹل ٹی وی کے مالک پر خواتین کو جنسی استحصال کا نشانہ بنانے کا الزام ،روینہ ٹنڈن نے بڑا قدم اٹھا تے ہوئے ارنابھ کمار کو سخت پیغام دے دیا
نئی دہلی(ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت کے مشہور ڈیجیٹل تفریحی چینل ’’دی وائرل فیور(TVF)کے سی او ای ارنابھ کمار پر ٹی وی چینل میں کام کرنے والی خواتین پر جنسی استحصال کے الزام کے بعد بالی ووڈ سے بھی آواز بلند ہونا شروع ہو گئی ،ٹوئنکل کھنہ کے بعد انڈین فلموں کی مشہور اداکارہ روینہ ٹنڈن نے بھی ’’دی وائرل فیور‘‘پر اپنی نئی آنے والی فلم ’’ماتر‘‘ کی پر موشن سے انکار کرتے ہوئے دیگر اداکاراؤں سے بھی الزام کی مکمل تحقیقات تک تفریحی چینل کے مکمل بائیکاٹ کی اپیل کر دی ،دوسری طرف ارنابھ کمار کا کہنا ہے کہ میں ایک سنگل آدمی ہوں ،جب مجھے کوئی خاتون ’’سیکسی ‘‘ لگتی ہے تو میں اس سے اپنے دل کی بات کر دیتا ہوں اس میں کیا برائی ہے؟۔
بھارتی نجی چینل ’’این ڈی ٹی وی ‘‘ کے مطابق اپنے چینل میں کام کرنے والی خواتین کے جنسی استحصال کے الزام میں پولیس تحقیقات کا سامنا کرنے والے ارنابھ کمار کے برے دن شروع ہو گئے ہیں ،چند روزقبل ماضی کی مشہور بھارتی اداکارہ اور اکشے کمار کی اہلیہ ٹوئنکل کھنہ نیاخبار میں لکھے گئے اپنے ایک مضمون میں ارنابھ کمار کو شدید ہدف تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس کے بعد معروف اداکارہ روینہ ٹنڈن نے بھی میدان میں آتے ہوئے اپنی نئی آنے والی فلم ’’ماتر ‘‘ کی پرموشن ’’دی وائرل فیور‘‘ پر کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے چینل کے سی ای او پر لگنے والے الزام کے بارے میں پہلے پتا نہیں تھا کیونکہ میں نیویارک میں تھی ،میں بھارتی فلموں میں کام کرنے والی کسی بھی خاتون کے خلاف کسی بھی طرح کے تشدد اور زیادتی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپناتے ہوئے بہت سخت پیغام دیتی ہوں ۔انہوں نے کہا کہ فلم ’’ماتر‘‘ کے فلمساز اور دیگر اداکاروں کا خیال ہے کہ جب تک پولیس کی تحقیقات مکمل نہیں ہو جاتیں اور ارنابھ پر لگنے والے الزامات غلط ثابت نہیں ہوتے تب تک ہمیں اپنی فلم کی پرموشن کے لئے ’’دی وائرل فیور ‘‘ کا ٹیگ اپنے ساتھ نہیں لگانا چاہئے ،جبکہ میں اپنے ساتھی اداکاراؤں سے بھی اپیل کرتی ہوں کہ تحقیقات مکمل ہونے تک اس چینل کی کسی بھی تقریب یا پروگرام میں شرکت سے گریز کیا جائے ۔
دوسری طرف ’’ممبئی مرر‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے ارنابھ کمار نے اپنے اوپر لگنے والے الزامات کی تردید کرتے ہوئے بڑا بھونڈا انداز اختیار کیاتھا اور کہا کہ میں ایک’’ سنگل آدمی‘‘ ہوں اور جب کوئی عورت یا لڑکی مجھے ’’سیکسی ‘‘ لگتی ہے تو میں بے دھڑک اس سے یہ بات کہہ دیتا ہوں،میں اگر کسی عورت کی خوبصورتی اور دلکشی کی تعریف کرتا ہوں تو اس میں کیا برائی ہے؟اور کیا غلط ہے ،میرے خلاف لکھی جانے والی تمام باتیں اور الزامات غلط ہیں ،میں خواتین کے معاملے میں اپنے رویے کے بارے میں کافی محتاط رہتا ہوں ،میں خوبصورت لگنے والی خواتین کو ’’اپروچ‘‘ تو کرتا ہوں مگر کبھی کسی کو ’’فورس‘‘ نہیں کرتا ۔ارنابھ کے اس بیان پر ٹوئنکل کھنہ سمیت بھارتی فلم انڈسٹری کے کئی معروف لوگ ارنابھ کمار کو سخت تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔