زرداری، شرمیلا فاروقی سمیت کئی سیاستدان ماضی میں شوبز سے وابستہ رہے

زرداری، شرمیلا فاروقی سمیت کئی سیاستدان ماضی میں شوبز سے وابستہ رہے
زرداری، شرمیلا فاروقی سمیت کئی سیاستدان ماضی میں شوبز سے وابستہ رہے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (آن لائن) پاکستان میں سیاسی جماعتوں کو بڑی مقبولیت حاصل ہے جس کے باعث ملکی سیاسی میدان میں ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد حصہ لے رہے ہیں جب کہ ان ہی سیاسی جماعتوں میں کئی نامور سیاست دان ایسے ہیں جو ماضی میں شوبز سے وابستہ رہے تاہم کئی اداکار شوبر کی دنیا میں کوئی مقام نہ بناسکے لیکن سیاست کے میدان میں شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئے۔
آصف علی زرداری پاکستانی سیاست کا اہم نام ہیں ملک میں مفاہمت کی سیاست کے ماہر سمجھے جانے والے آصف علی زرداری پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین ہیں اور صدر پاکستان بھی رہ چکے ہیں۔ اپنی تقریروں میں سیاسی اداکاروں کی کھچائی کرنے والے آصف علی زرداری کے بارے میں جان کر آپ کو یہ حیرت ہوگی کہ وہ حقیقت میں اداکار بھی رہ چکے ہیں۔ انہوں نے 1969ءمیں ریلیز ہونے والی فلم ”سالگرہ“ میں لالی ووڈ کے چاکلیٹی ہیرو وحید مراد کے بچپن کا کردارخوب نبھایا تھا جسے شائقین سمیت فلمی پنڈتوں نے بھی بے حد سراہا تھا۔ اداکاریکی صلاحیتوں سے مالا مال چھوٹے ہیرو فلمی کیریئر میں آگے تو نہ بڑھ سکے لیکن آج پاکستان کی سیاست میں ایک ممتاز مقام ضرور رکھتے ہیں۔
 پاکستان کی سیاست میں ایک اور ممتاز شخصیت طارق عزیز بھی سیاسی میدان میں قدم رکھنے سے قبل اداکاری کے جوہر دکھاچکے ہیں انہوں نے لالی ووڈ کی فلموں ”انسانیت“ اور ”ہار گیا انسان“ میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ طارق عزیز فنی زندگی کی طرح سیاسی میدان میں بھی کافی سرگرم رہے اور انہوں نے پاکستان پیپلز کے پلیٹ فارم سے سیاسی کیریئر کا آغاز کیا اس کے بعد مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوئے جب کہ 1996ءمیں لاہور سے قومی اسمبی کے رکن بھی منتخب ہوئے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی سابق سیکرٹری اطلاعات اور گھن گھرج دار گفتگو کے لئے مشہور رہنما مرحومہ فوزیہ وہاب بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکی تھیں۔
انہوں نے سیاسی دنیا میں قدم رکھنے سے قبل پی ٹی وی کے ڈرامہ سیریل ”کہر“ میں ہیرو کی کزن کا کردار ادا کی تھا۔ حسینہ معین کا تحریر کردہ یہ سیریل ڈرامہ 1991-1992ءمیں نشر ہوا جب کہ ڈرامے کے ہیرو معروف ماڈل جنیدبٹ تھے۔ پشتو فلموں میں اداکاری سے کمایا اتنا ہی بڑا نام انہوں نے پاکستانی سیاست میں مولانا فضل الرحمان کے مد مقابل انتخابات میں لڑ کر کمایا۔ پشتو فلموں کو خیر باد کہہ کر سیاست میں آنے والی معروف اداکارہ مسرت شاہین نے 20 سے زائد سپر ہٹ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی کنول نعمان نے بھی شوبز کی دنیا سے سیاست میں قدم رکھا انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز 1987ءمیں کیا جس کے بعد مسلسل 23 سال شوبز کی جگمگاتی دنیا سے منسلک رہیں اور معروف ڈراموں ”پیاس“، ”کھوجی“ اور ”شناخت“ سمیت کئی میں اداکاری کے جوہر دکھائے جنہیں شائقین نے بے حد پسند کیا۔ کنول نعمان 2013ءکے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ سے پنجاب اسمبلی کی رکن منتخب ہوئیں اور اب شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرکے سیاست کے عملی میدان میں سرگرم ہیں۔
پاکستان کی نوجوان نسل کے پسندیدہ اداکار حمزہ علی عباسی بھی اداکاری کے بعد سیاست کے میدان میں بھی قدم جماچکے ہیں پاکستان کے معروف ڈرامہ سیریل ”پیارے افضل“ سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے اداکار حمزہ علی عباسی پاکستان تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے سیاسی میدان میں سرگرم ہیں۔ حمزہ علی عباسی نے ٹی وی ڈراموں کے علاوہ پاکستانی فلموں ”وار“ اور ”میں ہوں شاہد آفریدی“ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

پاکستان پیپلز ارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی بھی ماضی میں اداکاری کے جوہر دکھاچکی ہیں انہوں نے ڈرامہ سیریل ”پانچواں موسم“ میں اداکاروں اعجاز اسلام، طلعت حسین، عبداللہ کادوانی اور گلاب چانڈیوں کے ساتھ مل کر اداکاری کے جوہر دکھائے جب کہ انہوں نے سیاسی کیریئر کا آغاز پاکستان پیپلزپارٹی کے پلیٹ فارم سے کیا۔ شرمیلا فاروقی 2013ءکے عام انتخابات میں رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئیں جو تاحال اسمبلی میں فعال کردار ادا کررہی ہیں۔

مزید :

تفریح -