چین میں دریا سرخ ہوگیا
بیجنگ (نیوز ڈیسک) جادو ٹونے پر یقین رکھنے والوں سے آپ نے خون کے چھینٹوں یا پانی کے گلاس میں خون بھرجانے کا تو سنا ہوگا لیکن چین میں واقع ایک دریا کا پانی خون جیسا سرخ رنگ اختیار کرگیا۔ یہ پراسرار دریا چین کے جنوب مشرقی شہر وین زو میں واقع ہے۔ دریا کے کنارے آباد لوگوں کا کہنا ہے کہ صبح کے چار بجے تو پانی بالکل صاف تھا لیکن تقریباً ایک گھنٹے میں اس کا رنگ سرخ ہونا شروع ہوگیا اور صبح کے وقت سارا دریا گہرا سرخ رنگ اختیار کرچکا تھا۔ لوگ یہ عجیب و غریب تبدیلی دیکھ کر شدید خوفزدہ ہوگئے کیونکہ اس کی بظاہر کوئی وجہ نہ تھی۔ دریا کے کنارے یا قریب کوئی ایسی فیکٹری بھی نہیں ہے جہاں سے کوئی سرخ کیمیکل اس میں پھینکا جاتا ہو۔ ایک شہری چاﺅ نے بتایا کہ جیسے جیسے دن ڈھلتا گیا دریا کا سرخ رنگ بھی غائب ہوتا گیا اور اگلی صبح یہ ایک دفعہ پھر پھر پہلے کی طرح ایک عام دریا بن چکا تھا۔ اس سے پہلے 2012ءمیں دریائے یانگ زی اور دریائے جہاں کا پانی بھی اسی طرح رنگ بدل چکا ہے۔ مقامی ماہرین اور سائنسدان تاحال اس عجیب و غریب واقع کی حقیقت سمجھنے کی کوشش کررہے ہیں۔