نائیجیریا میں جادوگروں کا ’بوکوحرام‘کےخلاف اعلان جنگ
ابوجا (نیوز ڈیسک) نائیجیریا میں جادوگروں اور جادو گرنیوں کی تنظیم نے دہشت گرد گروپ بوکوحرام کے خلاف اعلان جنگ کرتے ہوئے ان کے شرمناک انجام کی پیشن گوئی کردی ہے۔ ”وچز اینڈ وزرڈز ایسوسیا یشن آف نائجیریا (Witzan)“ کے سربراہ اوخوئے ایبوئی نے اخبار ”دی سن“ کو ایک انٹرویو میں بتایا کہ ان کی تنظیم نے بوکوحرام کے سربراہ ابوبکر شکاﺅ اور اس کے ساتھیوں کو نشان عبرت بنانے پر کام شروع کردیا ہے۔ جادوگروں کی تنظیم نے اس سلسلہ میں ایک ایمر جنسی میٹنگ کی جس میں ملک کی نمایاں جادوگروں اور جادوگرنیوں نے خصوصی شرکت کی۔ پچپن سالہ سینئر عامل کا کہنا تھا کہ بوکوحرام کے لیڈر کو دسمبر سے پہلے گرفتار کرکے ابوجا اور میدوگری کی سڑکوں پر عوام کے سامنے گھمایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 300 اغواءشدہ لڑکیوں کے والدین کے مسکرانے کا وقت آن پہنچا ہے کیونکہ وہ واپس آرہی ہیں۔ جادوگروں کی تنظیم اس سے پہلے صدر گڈلک کی فتح سمیت کئی کامیاب پیشن گوئیاں کرچکی ہیں۔