میں گھریلو خواتین کی بہت عزت کرتی ہوں جبکہ ماں بننا بہت مشکل اور تھکا دینے والا کام ہے :شلپا شیٹھی

تفریح

ممبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن ) بھارتی اداکارہ شلپا شیٹھی نے کہاہے کہ وہ گھریلو خواتین کی بہت عزت کرتی ہیں جبکہ ماں بننا بہت مشکل اور تھکا دینے والا کام ہے ۔
تفصیلات کے مطابق شلپا شیٹھی کا کہناتھا کہ گھرمیں رہ کربچوں کی دیکھ بھال کرنا تھکا دینے والا مشکل کام ہے لیکن وہ اپنے آپ کو خوش قسمت سمجھتی ہیں کہ وہ ماں ہونے کے باوجود بھی کام کر رہی ہیں۔شلپا شیٹھی نے گھریلو خواتین کے بارے میں اپنی رائے کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ وہ ان خواتین کی بہت عزت کرتی ہیں کیونکہ یہ ایک فل ٹائم جاب ہے جس میں خواتین کو نہ آرام کرنے کا موقع ملتا ہے اور نہ ہی چھٹی ملتی ہے جب کہ مزے کی بات یہ ہے کہ آپ کو پورا دن کام کرنے کے پیسے بھی نہیں ملتے۔
انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ ایک بہت مشکل نوکری ہے، خواتین مردوں کے مقابلے میں بہترین کام کرتی ہیں اور کسی بھی کام سے گھبراتی نہیں بلکہ ایک وقت میں کئی کام انجام دیتی ہیں۔بالی ووڈ اداکارہ نے کہا کہ وہ بھرپور مصروفیات کے باوجود اپنے بیٹے ویان کا خیال رکھتی ہیں، موجودہ دورمیں بچوں کو تفریح فراہم کرنے کے نئے طریقے ایجاد ہو گئے ہیں، مجھے نہیں معلوم ہمارے والدین نے یہ سب کیسے کیا تھا لیکن میں اپنے بیٹے کوصحت مند سرگرمیوں میں مصروف رکھنے کی ہرممکن کوشش کرتی ہوں تاکہ وہ نت نئی چیزیں سیکھ سکے۔