سلمان خان نے بھارتی عوام کو اخلاقیات سکھادیں، پاکستانی فنکاروں پرپابندی کی مخالفت
نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے بعد پاک فوج کے شدید ردعمل نے ہندوستانی فلم انڈسٹری کی بھی نیندیں اڑا دی ہیں ،بھارتی فلموں میں کام کرنے والے پاکستانی فنکاروں کو بھارت چھوڑنے کی دھمکیوں اور ان پر بالی ووڈ کے دروازے بند کرنے کے فیصلے پر’’ دبنگ خان ‘‘ نے آواز بلند کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی فنکار دہشت گرد نہیں ،وہ ویزہ لے کر بھارت آتے ہیں ،یہ کوئی مثالی ماحول نہیں ہے لیکن پھر بھی ہم اگر امن اور محبت سے رہیں تو یہ سب کے حق میں بہتر ہو گا ،بالی ووڈاداکارسلمان خان نے پاکستانی فنکاروں پر پابندی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں اور فنکاروں میں فرق ہوتاہے ، فنکار دہشت گرد نہیں ہوتے
بھارتی نجی چینل ’’این ڈی ٹی وی ‘‘ کے مطابق اُڑی حملے اور لائن آف کنٹرول پر پیدا ہونے والی حالیہ کشیدگی کے بعد ہندوستانی فلموں میں کام کرنے والے پاکستانی آرٹسٹوں فواد خان ،مائرہ خان اور علی ظفر سمیت دیگر کے خلاف انڈیا میں زبردست احتجاج ہو رہا ہے ،جبکہ انڈین موشن پیکچرز ایسوسی ایشن (امپا) نے بھی ایک قرارداد منظور کرتے ہوئے حالات کے معمول پر آنے تک بھارتی فلموں میں پاکستانی فنکاروں کے کام کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے جبکہ بال ٹھاکرے کی پارٹی نے اُڑی حملے کے اگلے روز پاکستانی فنکاروں کو 48گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کا الٹی میٹم دیا تھا ۔ایسے میں سلمان خان نے بھارتی فلموں میں پاکستانی فنکاروں کے کام پر پابندی پر آواز بلند کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی فنکار دہشت گرد نہیں ،وہ ویزہ لے کر بھارت آتے ہیں ،مثالی حالات تو امن اور چین کے ہی ہونے چاہئیں لیکن سرجیکل سٹرائیک کے بعد جو ہوا ہے ،اس کا ردعمل توہو گا ہی لیکن پھر نھی اس ماحول میں بھی ہم اگر محبت اور امن سے رہیں تو یہ سب کے لئے بہتر ہو گا ۔ممبئی سے پاکستانی فنکاروں کو بے دخل کرنے کے سوال پرسلمان خان کا کہنا تھا کہ ’’یہ آرٹسٹ ہیں اور وہ دہشت گرد ‘‘یہ دونوں مختلف چیزیں ہیں ،لیکن کیا آرٹسٹ دہشت گرد ہوتے ہیں؟ پاکستانی فنکار تو یہاں ویزہ لے کر آتے ہیں ،انہیں ویزہ اور ورک پرمٹ ہماری حکومت دیتی ہے،ان حالات میں ہمیں ان کے ساتھ کوئی ناروا سلوک نہیں کرنا چاہئے ،اگر ہم پیار ،محبت اور امن سے رہیں تو یہ ہم سب کے لئے بہتر ہو گا ۔
سلمان خان کایہ بیان آنے کے بعد بھارتی میڈیا نے ہیڈلائنز کے طورپر چلا یا کہ کس طرح سلمان خان پاکستانی فنکاروں کی حمایت کررہے ہیں۔سلمان خان کایہ بیان ایک ایسے وقت پر سامنے آیاہے جب ممبئی پروڈکشن ایسوسی ایشن نے پاکستانی فنکاروں کے انڈسٹری میں کام کرنے پر پابندی عائد کردی ہے ۔