سینما گھر مالکان نے بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی لگا دی
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک ) بھارتی جارحیت کے خلاف سینما مالکان بھی میدان میں آگئے جنہوں نے بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی لگا دی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی فائرنگ اور دراندازی کے خلاف سینما مالکان قوم کی آواز بن گئے ۔ سینما مالکان نے بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی عائد کر دی جس کے بعد سینما گھروں سے بھارتی فلموں کے پوسٹر ہٹا دیے گئے ہیں ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سینما گھر مالکان نے بھارت پر واضح کر دیا ہے کہ جب تک بھارتی جارحیت ختم نہیں ہوتی تب تک پاکستان میں بھارتی فلمیں نہیں چلائیں گے ۔ سینما گھر مالکان کا کہنا ہے کہ شائقین نے بھی بھارتی فلموں پر پابندی کے فیصلے کو خوش آئندہ قرار دیا ہے تاہم جب تک بھارتی دراندازی ختم نہیں ہوتی تب تک فیصلہ برقرار رکھاجائےگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 200سے زائد پاکستانی پروڈیوسرز نے گزشتہ روز ایک میٹنگ میں فیصلہ کیا ہے کہ جب تک بھارتی جارحیت ختم نہیں ہوتی تب تک کوئی بھی پاکستانی اداکار بھارت میں جاکر کام نہیں کریگا ۔