محکمہ موسمیات نے کراچی میں کسی بھی قسم کے طوفان کی تردید کردی
کراچی (آن لائن)محکمہ موسمیات نے کراچی میں طوفان کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے آئندہ دو روز میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کی پیش گوئی کردی۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر عبدالرشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلائی جانے والی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ برسات کا ایک سسٹم شہر کی جانب آرہا ہے۔انہوں نے کہا کہ رواں سال میں ایک اچھی بات یہ ہوئی ہے کہ یہ نظام ملک کے نچلے علاقوں کی جانب آیا تھا جس سے سندھ کے مختلف علاقوں اور خصوصا کراچی میں معمول سے زائد بارشیں ہوئیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ آئندہ چند روز میں کراچی میں ایسی ہی موسلادھار بارشوں کا امکان ہے جیسا کہ گذشتہ ہفتے دیکھنے میں آیا تھا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے منگل کی شب سے جمعہ تک سندھ کے ساحلی علاقوں میں گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔ادارے نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلائی جانے والی سمندری طوفان کی افواہوں میں صداقت نہیں ہے تاہم معمول کے مطابق بارشیں ہوں گی۔خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے کراچی میں ہونے والی طوفانی بارشوں کے دوران چھت گرنے اور کرنٹ لگنے کے مختلف واقعات میں 19 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔گذشتہ ہفتے پیر اور منگل کی رات شہر قائد میں ہونے والی بارش نے نظام زندگی کو درہم برہم کردیا تھا جبکہ کئی علاقوں میں دو روز تک بجلی کی فراہم بھی منقطع رہی تھی۔