پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل صالح حیات ٹریفک حادثے میں زخمی ، ہسپتال منتقل
فیصل آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل صالح حیات ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہو گئے ۔وہ لاہور سے فیصل آباد جا رہے تھے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق فیصل صالح حیات کی گاڑی فیصل آباد میں امین پور کے قریب ٹرالر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئے ۔ حادثے میں فیصل صالح حیات کے ڈرائیور قاسم کو بھی گہرے زخم آئے ہیں تاہم معجزانہ طور پر دونوں کی زندگیاں بچ گئیں ، حادثے کے بعد دونوں کو فوری طور پر الائیڈ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹریفک حادثے کے باعث فیصل صالح حیات کی بائیں کلائی بھی ٹوٹ چکی ہے جبکہ انکے سر،ہونٹ اور چہرے پر گہرے زخم آئے ہیں مگر ان کی حالت خطرے سے باہر ہے تاہم ڈاکٹروں کا ایک پیننل آئندہ چند گھنٹو ں میں فیصلہ کرے گا کہ فیصل صالح حیات کو لاہور کے کسی ہسپتال منتقل کیا جا ئے گا یا الائیڈ ہسپتال میں ہی علاج ہو گا۔
ذرائع کے مطابق فیصل صالح حیات کو آپریشن تھیٹر سے ریکوری روم منتقل کردیا گیا ہے۔ٹریفک حادثے کے بعد فیصل صالح حیات کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔