طیارے کا المناک حادثہ، جاں بحق ہونے والوں کے گھروں میں صف ماتم ،سمندری کے عامر شوکت کا پہلا فضائی سفر آخری ثابت ہوا

طیارے کا المناک حادثہ، جاں بحق ہونے والوں کے گھروں میں صف ماتم ،سمندری کے ...
طیارے کا المناک حادثہ، جاں بحق ہونے والوں کے گھروں میں صف ماتم ،سمندری کے عامر شوکت کا پہلا فضائی سفر آخری ثابت ہوا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

فیصل آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن)طیارے کا المناک حادثہ، متاثرہ خاندانوں کیلئے قیامت صغری ثابت ہوا، جاں بحق ہونیوالے مسافروں کے گھروں میں صف ماتم بچھی ہے، چار بہنوں کے اکلوتے بھائی سمندری کے عامر شوکت کا پہلا فضائی سفر آخری ثابت ہوا، جہلم کے انجینئر نعمان شفیق بھی گھر نہ لوٹ پائے، اے ایس ایف اہلکار سمیع اللہ بھی ڈیوٹی پر گئے لیکن لوٹ نہ سکے۔

نجی ٹی وی کے مطابق حادثے پرہر چہرہ سوگوار اور ہر آنکھ اشکبار ہے، طیارے کا حادثہ پوری قوم کو غم دے گیا،  حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین بھی دکھ میں ڈوبے ہوئے ہیں۔سمندری کا 4 بہنوں کا اکلوتا بھائی عامر شوکت چترال میں ویلڈنگ کا کام کرنے گیا تھا،  واپسی پر استاد نے طیارے کا ٹکٹ لے دیا لیکن عامر کا پہلا فضائی سفر ہی آخری ثابت ہوا۔

ڈیرہ غازی خان کا رہائشی اے ایس ایف اہلکار سمیع اللہ بھی دو روز پہلے ڈیوٹی پر گیا لیکن لوٹ نہ سکا۔ خبر ملتے ہی اہل خانہ پر قیامت ٹوٹ پڑی۔گوجر خان سے تعلق رکھنے والے اے ایس ایف اہلکار احسن غفار کے گھر میں بھی صف ماتم بچھی ہے۔ کنسٹرکشن کا کام کرنے والا فیصل آباد کا خالد مسعود بھی حادثے کا شکار ہو کر ملک عدم جا بسا۔

منڈی بہاالدین کا 22 سالہ تیمور ارشد بہن بھائیوں سے ملنے گھر جا رہا تھا لیکن ہمیشہ کے لئے بچھڑ گیا ، کالا باغ کے بزنس مین اختر محمود اور شکر گڑھ کے رہائشی بینک آفیسر عتیق جنجوعہ بھی المناک حادثے میں دنیا چھوڑ گئے۔

مزید :

فیصل آباد -