بیٹے کی پیدائش کا جھانسہ دے کر پیر نے خاتون بچے سمیت اغوا کرلی

فیصل آباد

فیصل آباد (ویب ڈیسک) بیٹے کی یقینی پیدائش کا جھانسہ دے کر جعلی پیر خاتون کو بچے سمیت اغوا کرکے لے گیا، شعبدے باز پیر نے مال مویشی بھی ہڑپ کرلئے،پولیس مال مویشی کی چوری کا مقدمہ درج کرکے سرخرو ہوگئی۔

روزنامہ خبریں کے مطابق تھانہ روڈالہ روڈ کے علاقے چک نمبر 556 گ ب کے رہائشی محمد نواز کی بیوی معراج بی بی کو جعلی پیر شوکت علی نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر عمل کے ذریعے لڑکے کی پیدائش کا جھانسہ دے کر سات سالہ بیٹے شہباز سمیت اغواءاور محمد نواز کے چچا موکھا کے مال مویشی لے اڑا۔ پولیس نے صرف مویشی چوری کا مقدمہ درج کیا جبکہ خاتون اور بچہ کا مقدمہ درج کرنے کی بجائے اہل خانہ کو کہا کہ خاتون اپنی مرضی سے جعلی پیر کے ساتھ بھاگ گئی ہے جس پر چپ سادھنے کا مشورہ دے دیا۔

کراچی میں 16رکنی گروپ کا منشیات اور فحاشی کے مکروہ دھندے کا انکشاف

پولیس کی ہٹ دھرمی نے متاثرہ خاندان کو دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور کردیا جبکہ اہل علاقہ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ عرصہ دراز سے جعلی پیر شوکت علی اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر دھوکہ دہی سے کثیر تعداد میں خواتین کو اپنی ہوس کا نشانہ بنا کر ان کو بلیک میل کرکے موٹی رقمیں وصول کرتا رہا جبکہ متعدد بار علاقہ پولیس کو شکایت کی مگر ان کے خلاف کوئی کارروائی نہ کی گئی۔ لوگوں کی عزتیں پامال کرنے کے ساتھ چونہ لگا کر فرار ہوگیا جبکہ سپیشل برانچ سمیت علاقہ پولیس بے خبر ہوکر آغوش کی میٹھی نیند سوئے رہے۔

متاثرہ خاندان نے وزیراعلیٰ پنجاب، سی پی او فیصل آباد سے مطالبہ کیا ہے خاتون اور بچے کو بازیاب کراکر ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔