چوری کے الزام میں بچہ گرفتار، پولیس تشدد کیخلاف اہل علاقہ کا متاثرہ بچے کو چارپائی پر لٹا کر پولیس کے خلاف احتجاج
فیصل آباد(صباح نیوز)فیصل آباد میں چوری کے شبہ میں گرفتار 12 سالہ بچے کو پولیس کی جانب سے بیہمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا، واقعہ کے خلاف اہل علاقہ تشدد کا شکار بچے کو چارپائی پر لٹا کر ضلع کونسل چوک میں لے آئے اور پولیس کے خلاف احتجاج کیا۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد تھانہ نشاط آباد پولیس نے چوری کے شبہ میں 12 سالہ وشال کو 4 روز قبل گرفتار کیا، پولیس نے مبینہ طور پر گرفتار بچے کو بیہمانہ تشدد کا نشانہ بنایا، تشدد کا شار بچے کو اہل علاقہ چارپائی پر لٹا کر ضلع کونسل چوک میں لے آئے اور ٹائروں کو آگ لگا کر سڑک کو ٹریفک کیلئے بند کردیا، احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا پولیس نے بغیر گرفتاری ڈالے بچے کو حوالات میں رکھا اور تشدد کیا، حکام معاملہ کا نوٹس لیں اور ذمہ داران کے خلاف کاروائی کی جائے۔ 2 گھنٹے تک جاری احتجاج پولیس حکام کی انصاف کی یقین دہانی پر ختم ہو گیا، مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔