کالعدم تنظیموں کی طرف سے قربانی کی کھالیں جمع کرنے اور لاؤڈ سپیکر کے استعمال پر پابندی عائد
فیصل آباد(آن لائن)وفاقی حکومت کی ہدایت پر فیصل آباد سمیت ملک بھر میں عیدالاضحی کے موقع پر کالعدم تنظیموں کی طرف سے قربانی کی کھالیں جمع کرنے اور لاؤڈ سپیکر کے استعمال پر عائد پابندی کردی گئی ،جبکہ جامع سیکورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی گئی ، ریسکیو اورمیڈیکل سروسز کوہائی الرٹ کردیا گیا آن لائن کے مطابق وفاقی حکومت کے احکامات کی روشنی میں حکومت پنجاب نے فیصل آباد ،لاہور ملتان سمیت صوبہ بھر کے اضلاع کی سطح پر ہدایت کی آر پی او ز،ڈپٹی کمشنر ز،سی پی او ز کو ہدایت کی ہے کہ مربوط حکمت عملی کے تحت انتظامی وحفاظتی انتظامات کویقینی بنایا جائے تاکہ امن وامان کی صورتحال برقراررہے۔
اس سلسلہ میں ڈویژنل کمشنر مومن آغا کی صدارت میں ہونے والے ایک اجلاس کے دوران عیدالاضحی کے حوالے سے انتظامی وحفاظتی انتظامات کاجائزہ لیتے ہوئے کہی۔آر پی او بلال صدیق کمیانہ،ڈپٹی کمشنر سلمان غنی،سی پی او افضال احمدکوثر،ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن مہر شفقت اللہ مشتاق اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ عید گاہوں کے اجتماعات کی سیکورٹی کے لئے انتظامیہ وقانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران حفاظتی اقدامات کا ہر زوایہ سے جائزہ لیں اور لوگوں کے جان ومال کے تحفظ کے لئے سیکورٹی آلات کے استعمال کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہاکہ پارکنگ ایریا کو عید کے اجتماعات سے دور رکھیں اور مشکوک افراد پر نظر رکھنے کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کا خفیہ سٹاف تعینات کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ لاؤڈ سپیکر کے استعمال کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد ہونا چاہیے۔کمشنر نے کہا کہ کالعدم تنظیموں کی طرف سے قربانی کی کھالیں جمع کرنے پر عائد پابندی کی خلاف ورزی نہ ہونے پائے۔
انہوں نے عیدالاضحی کے موقع پر ریسکیو اورمیڈیکل سروسز کوہائی الرٹ رکھنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ون ویلنگ کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں اس ضمن میں ٹریفک پولیس اور ٹرانسپورٹ کی ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔آر پی او بلال صدیق کمیانہ نے بتایا کہ امن وامان کے حوالے سے پولیس کی طرف سے حفاظتی وانسدادی اقدامات پر موثر انداز میں عملدرآمد کیا جائے گااس سلسلے میں جامع سیکورٹی پلان کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ لوگوں کی جان ومال کے تحفظ کے لئے عید گاہوں،تفریحی مقامات اور دیگر عوامی جگہوں پر سخت ترین سیکورٹی کویقینی بنایا جائے گا۔اس سلسلے میں پولیس فورس کی طرف سے پٹرولنگ بھی جاری رہے گی۔