نیپال: سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے مزید 115افراد ہلاک، 38لاپتہ

نیپال: سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے مزید 115افراد ہلاک، 38لاپتہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کھٹمنڈو(آن لائن)نیپال میں شدید بارشوں نے تباہی مچا دی، سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے 115 افراد ہلاک جبکہ 38 افراد لاپتہ ہو گئے ہیں، بارشوں اور سیلاب سے بیشتر افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ حکام کے مطابق 2800 سے زائد مکان منہدم جبکہ معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔ سیلاب سے تقریبا 50000 لوگوں کے بری طرح متاثر ہونے کا اندازہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب سیلاب میں پھنسے افراد کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ فرانسیسی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نیپال کے حکام کا کہنا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں کا سلسلہ جاری ہے اور 115 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ نیپالی فورسز امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں جبکہ شدید متاثرہ علاقہ جنوبی ضلعوں میں ائرفورس نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے کھانے کے پیکٹ اور پینے کا پانی بھی گرادیا ہے۔وزارت داخلہ کے ترجمان رام کرشنا سبیدی کا کہنا تھا کہ لاکھوں افراد سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں اور حکومت فوری امداد پہنچانے کی کوشش کررہی ہے۔خیال رہے کہ نیپال کی حکومت متاثرہ افراد تک پہنچنے میں ناکامی پر شدید تنقید کا شکار ہے جبکہ وزیرداخلہ جاناردن شرما نے کھٹمنڈو کے ائرپورٹ میں قائم سینٹر پر امدادی اشیا کی متعلقہ علاقوں تک رسائی کو یقینی بنانے کے لیے تھوڑی دیر قیام کیا۔نیپال کے جنوب سرحدی علاقے کے 13 ضلعوں میں سب سے زیادہ سیلاب آیا ہے جو بھارتی ریاست بہار کی سرحد سے ملحق ہیں۔حکومت کی جانب سے اسکولوں اور سرکاری عمارتوں پر قائم 250 ریلیف کیمپوں میں 2 لاکھ کے قریب عارضی طور پر مقیم ہیں۔

مزید :

عالمی منظر -